رسائی کے لنکس

ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف کی اسلام آباد آمد


ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’’پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، کیونکہ ایران پاکستان کا ایک برادر مسلم ملک اور اہم ہمسایہ ہے۔‘‘

دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد کے نورخان ائیربیس پہنچنے پر دفتر خارجہ کے سینیر حکام نے ان کا استقبال کیا۔

ترجمان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نئی حکومت کے وجود میں آنے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی مہمان ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے کیونکہ ایران پاکستان کا ایک برادار مسلم ملک اہم ہمسایہ ہے۔

دورہ پاکستان کے دوران ایران کے وزیر خارجہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ جبکہ وہ اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے تفصیلی مذاكرات بھی کریں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔

اس موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کے علاوہ ایران کا اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود تھا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ باہمی مفادات کے لیے دونوں ممالک کو تجارت، سر مایہ کاری، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہو گا ۔ پاکستان اور ایران کی پارلیمانوں کے مابین قریبی رابطے خطے کے استحكام اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارک باد د ی اور انہیں ایران کے اسپیکر اور قیادت کی طر ف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کو اپنا شر اکت دار سمجھتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں اقوام تر قی اور خوشحالی کے راستے پر مل کر آگے بڑھیں گی ۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز سے اتفاق کیا ۔انہوں نے کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی حمایت کی اور ان بین الاقوامی مسائل کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر جواد ظریف نے کہا کہ ایران کی قیادت اور حکومت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش مند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان قدیم تاریخی تعلقات پائے جاتے ہیں اور دونوں ہمسایہ ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسر ے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں ۔ انہوں نے پائیدار حکومتی ڈھانچے کی تشکیل او موثر طرز حکمرانی کے لیے دونوں ممالک کے مابین اداروں کی سطح پر تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان کے دو روزہ دورے میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف وزیر اعظم عمران خان، اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی، مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کریں گے۔

XS
SM
MD
LG