خلابازی کی کمپنی بلیو اوریجن کے مالک جیف بیزوس نے اعلان کیا ہے کہ وہ تین ہفتے بعد 82 برس کی خلابازخاتون والی فنک کے ساتھ خلا میں جائیں گے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق والی فنک نے امریکی خلائی پروگرام کے ابتدائی دور میں خلابازی کے ٹیسٹ دیے مگر خاتون ہونے کی وجہ سے خلا میں نہیں بھیجا گیا تھا۔
جمعرات کے روز بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن نے اعلان کیا کہ کمپنی کا پہلا راکٹ 20 جولائی کو مغربی ٹیکساس سے لانچ کیا جائے گا۔ اس جہاز میں جیف بیزوس اور ان کے بھائی کے علاوہ، دو کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی نیلامی جیتنے والے تیسرے فرد کے علاوہ والی فنک سفر کریں گی۔
82 برس کی عمر میں فنک خلا میں جانے والی عمر رسیدہ شخصیت ہوں گی۔
فنک 1960 کی دہائی میں ناسا کی جانب سے شروع کئے گئے پروگرام مرکری 13 کا حصہ تھیں۔ اس پروگرام میں خواتین کو خلا میں جانے کے لیے تربیت دی گئی تھی لیکن انہیں خلا میں لے جایا نہیں گیا۔ اس زمانے میں ناسا کے تمام خلاباز مرد ہوتے تھے۔
فنک خلا میں جانے کا دوبارہ موقع ملنے پر بہت خوش ہیں۔
ان کے مطابق وہ ہر ہر لمحے سے محظوظ ہو رہی ہیں۔ بقول ان کے وہ خلا میں جانے کا شدت سے انتظار کر رہی ہیں۔
جیف بیزوس نے اپنے انسٹاگرام پیج پر لکھا کہ اس موقع کے لیے فنک سے زیادہ کسی نے انتظار نہیں کیا۔ اب وقت ہے کہ والی کو خوش آمدید کہا جائے۔
ایمیزون کے بانی اگلے ہفتے پیر کے روز سے کمپنی کے سی ای او کے عہدے سے الگ ہو رہے ہیں۔