حال ہی میں امریکی شہر ہیوسٹن کے جانسن اسپیس سینٹر میں نئے دور کے کچھ جدید آلات نمائش میں رکھے گئے ہیں۔ یہ آلات کچھ ایسی کمپنیوں نے تیار کیے ہیں جو امریکی ڈیفنس ڈپارٹمنٹ اور خلائی ادارے ناسا کو بھی جدید ٹیکنالوجی مہیا کرتی ہیں۔
نمائش میں رکھے جانے آلات میں جو چیزوں نےلوگوں کی بطور خاص توجہ حاصل کی ہے ان میں سپروکٹ نامی ایک ربورٹ بھی ہے جو ہال میں داخل ہونے والے لوگوں کوتفریح فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ایک خصوصی ہیٹ بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ہیٹ کی خوبی یہ ہے کہ اسے پہننے والا یہ محسوس کرتا ہے کہ وہ حقیقی طورپر افغانستان میں گھوم پھر رہاہے۔
یہ ہیٹ لوک ہیڈ مارٹن کارپوریش نے تیار کیا ہے۔ پال منڈے اس کمپنی میں انجنیئر ہیں ، جنہوں نے اس سسٹم کی تیاری میں کام کیا ہے۔ ان کا کہناہے کہ جب آپ ہیٹ پہن کر اپنا سر گھماتے ہیں تو منظر تبدیل ہو جا تا ہے۔اور آپ ایسا محسوس کرنے لگتے ہیں کہ گویا آپ افغانستان میں ہیں۔
منڈے کہتے ہیں کہ فوج اسے میڈیکل ٹسٹ کے لیے بھی استعمال کر سکتی ہے ۔ یعنی کسی مشکل علاقے میں کسی فوجی کی تعیناتی سے پہلے یہ جائزہ لینا کہ وہاں اس پر کیااثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہناہے کہ یہ تصورارتی سسٹم ٹریننگ سے بڑھ کر کام کرتے ہیں ۔
پاکیل رونڈوٹ لوک ہیڈ مارٹن کے ہیومین ایمرسیو لیب میں کام کرتی ہیں ۔وہ کہتی ہیں کہ یہاں ایک ایسا ماڈل رکھا گیا ہے جو حقیقی دنیا میں ایواٹار چلا رہا ہے یہ طیاروں کی مرمت کی جانچ پڑتال کا کام کرتا ہے۔اور وہ حقیقی طورپر طیارہ بننے سے قبل اس کے ڈیزائن کی جانچ پرکھ اور خرابیاں دور کرنے میں انجنیئروں کی مدد کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مصنوعات پر اٹھنے والے اخراجات کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سابق خلا باز رک ہیب ، لوک ہیڈ مارٹن کمپنی کے نائب صدر ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ مستقبل کی ضرورتوں اور تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہم جدید ٹیکنالوجی پر کام کررہے ہیں یہ ہماری توجہ ناسا کے آئندہ کے مشن مکمل کرنے کے لیے تیزی سے کام کرنے والی کم قیمت ٹیکنالوجی مہیا کرنے پر مرکوز ہے، کیونکہ فنڈز کی کمی کے باعث اب سستی اور کم قیمت ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔