انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل ’ہم‘ سے نیا ڈرامہ سیریل ’جگنو‘ شروع ہونے والا ہے، جس کی کہانی ایک سادہ مزاج اور خوبصورت لڑکی ’جگنو‘ کے گرد گھومتی ہے۔ جگنو کی خالہ نے اس کے ذہن میں ایک ہی بات بٹھا رکھی ہے کہ شادی صرف اس مرد سے کرنی چاہئے جو تم سے محبت کرے۔
جگنو کم عمر اور ناتجربہ کار تھی۔ اس لئے اس بات کی گہرائی میں نہ جاسکی۔ لیکن، بعد کے آنے والے دنوں میں قسمت نے جو کھیل اس کے ساتھ کھیلا وہ زندگی بھر اسی جملے کے گرد گردش کرتا رہا۔
چینل سے وابستہ ایک عہدیدار منہاس صغیر نے ’وائس آف امریکہ‘ کو ڈرامے سے متعلق تفصیلات میں بتایا:
ایک اتفاقیہ ملاقات میں جگنو کا آمنا سامنا عمو سے ہو جاتا ہے۔ عمو پہلی ہی ملاقات میں جگنو پر دل ہار بیٹھتا ہے اور اس کے پیچھے پڑ جاتا ہے۔
عمو ایک پروڈکشن ہاؤس میں معمولی اسسٹنٹ ہے۔ وہ جگنو جیسی سادہ مزاج لڑکی کو دھوکے سے شادی پر رضامند کر لیتا ہے اور اسے یہ جھوٹا یقین دلا دیتا ہے کہ پروڈکشن ہاؤس کے سب کاموں کا کرتا دھرتا وہی ہے۔
لیکن شادی کے بعد، جگنو پر اصلیت کھل جاتی ہے۔ مگر اس وقت تک بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔ غربت سے دلبرداشتہ عمو جگنو پر ماڈلنگ کرنے کے لئے دباؤ ڈالتا ہے۔ قسمت کے ہاتھوں مجبور جگنو یہ سوچ کر ماڈلنگ کے لئے حامی بھرلیتی ہے کہ شاید اسی طرح اس کے امتحان ختم ہوجائیں۔ لیکن، بہت سے امتحان تو باقی تھے۔
شوٹنگ کے دوران ہی ایک روز جگنو کی ملاقات زلفی سے ہوتی ہے۔ زلفی ایک دولتمند اور حسن پرست لڑکا ہے وہ جگنو کو سچی جھوٹی باتوں میں پھنسا کر عمو سے اس کی شادی ختم کرانے کیلئے ایک جال بنتا ہے۔ اور یہیں سے کہانی نت نئے موڑ لیتی ہے۔
’جگنو‘ کی کہانی آمنہ مفتی نے تحریر کی ہے، ہدایات فاروق رند اور پیشکش مومنہ د ُرید کی ہے۔ اداکاروں میں شامل ہیں یمنٰی زیدی، ریحان شیخ، عصمت زیدی، لیلیٰ زبیری، سعد اظہار، ثمن انصاری، فہیم اعظم، حنا مہوش،حمیرا بانو اور ملک رضا۔