رسائی کے لنکس

جسٹس انور ظہیر جمالی نے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا


جسٹس انور ظہیر جمالی 1951ء میں حیدرآباد میں پیدا ہوئے انھوں نے سندھ یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کر کے 1977ء میں بطور وکیل پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کیا۔

جسٹس انور ظہیر جمالی نے پاکستان کی عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ وہ ملک کے چوبیسویں چیف جسٹس ہیں۔

جمعرات کو ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی ایک تقریب میں صدر ممنون حسین نے ان سے اس عہدے کا حلف لیا۔

یہ منصب جسٹس جواد ایس خواجہ کے سبکدوش ہونے سے خالی ہوا تھا جو بدھ کو اس عہدے کی معیاد پوری ہونے پر ریٹائر ہو گئے تھے۔

تقریب میں وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، صوبائی گورنروں اور وفاقی وزرا کے علاوہ اسلام آباد میں تعینات مختلف ملکوں کے سفرا نے شرکت کی۔

جسٹس انور ظہیر جمالی 1951ء میں حیدرآباد میں پیدا ہوئے انھوں نے سندھ یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کر کے 1977ء میں بطور وکیل پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کیا۔

مئی 1998ء میں انھوں نے سندھ ہائی کورٹ میں بطور جج فرائض انجام دینا شروع کیے۔ وہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا شمار ان جج صاحبان میں ہوتا ہے جنہوں نے 2007ء میں عبوری آئینی حکم نامے کے تحت حلف لینے سے انکار کیا تھا۔

جسٹس جمالی اگست 2009ء میں سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔

XS
SM
MD
LG