خیبر پختونخوا کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محمد اعظم خان کے انتقال کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کو نیا نگراں وزیرِ اعلیٰ مقرر کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق اتوار کو ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہوا جس کی صدارت صوبے کے گورنر غلام علی نے کی۔
صو بے کے سابق وزیرِ اعلی محمود خان اور تحلیل ہونے والی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف رہنے والے محمد اکرم خان درانی نے اس اجلاس میں شرکت کی۔
گورنر ہاؤس پشاور سے ذرائع ابلاغ کو جاری کردہ مختصر بیان میں ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق رائے ہونے کی تصدیق کی گئی۔
پاکستان کے آئین کے مطابق نگراں وزیرِ اعلیٰ کے تقرر کا اعلامیہ گورنر وفاقی حکومت کے مشورے سے جاری کرتے ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ کے وکیل طارق افغان ایڈووکیٹ نے گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں نئے نگراں وزیرِ اعلیٰ کے نام پر اتفاق کے حوالے سے کہا کہ منتخب اسمبلی اور منتخب حکومت جنوری 2023 میں تحلیل ہو چکے ہیں۔ تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ صوبے کے گورنر نے سابق وزیرِ اعلیٰ اور سابق قائدِ حزبِ اختلاف کو کس بنیاد پر طلب کرکے نگراں وزیرِ اعلیٰ کے لیے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق رائے کا اعلان کیا۔
طارق افغان ایڈووکیٹ نے رائے دی کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ یا نگراں وزیرِ اعظم کے انتقال کے بعد ان دونوں اہم عہدوں کو پر کرنے کے حوالے سے آئین خاموش ہے۔ لہذا اس سلسلے میں عدالت عظمیٰ سے رجوع کرنا بہتر ہوتا ۔
خیال رہے کہ بعض قانونی ماہرین اس تقرر کو درست بھی قرار دے رہے ہیں کیوں کہ اس حوالے سے ان کے مطابق آئین میں کچھ بھی واضح نہیں ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ اس اجلاس میں شریک ہونے والے سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے جب اسمبلی تحلیل کی تھی تو وہ پاکستان تحریکِ انصاف(پی ٹی آئی) کا حصہ تھے۔ لیکن اب وہ نئی بننے ولی جماعت تحریکِ انصاف پارلیمنٹیرین میں شامل ہو چکے ہیں جس کے سربراہ پرویز خٹک ہیں۔
خیبر پختونخوا کے مقرر کیے گئے نئے نگراں وزیرِ اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ضلع ایبٹ آباد سے ہے۔ وہ سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف بھی جج رہی چکے ہیں۔
ارشد حسین شاہ انتقال کرنے والے وزیراعلیٰ اعظم خان کی کابینہ میں شامل تھے۔ ان کے پاس قانون اور مذہبی امور کی وزارتیں تھیں۔
نامزد نگراں وزیرِ اعلیٰ کے دو بھائی اعلیٰ سرکاری عہدوں پر تعینات ہیں۔ ان کے ایک بھائی نظر حسین گریڈ 22 کے افسر ہیں جب کہ دوسرے بھائی ڈی آئی جی آپریشنز سید شہزاد ہیں۔