افغان دارالحکومت کابل میں ایک خودکش بمبار نے نیٹو کے ایک قافلے پر حملہ کیا جس سے کم از کم تین افراد زخمی ہو گئے۔
افغان کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد عام شہری تھے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا اس حملے میں کسی غیر ملکی کو بھی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔
نیٹو کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل میں اتوار کی صبح دھماکہ خیزمواد سے نیٹو کے ا یک قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں نیٹو کے کسی فوجی کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ فوجی گروپ کی ایک ٹیم موقع پر موجود ہے۔ اس حملے سے نیٹو کی فوجی کارروائیوں میں کوئی رخنہ نہیں پڑا۔
طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذیبح اللہ مجاہد نے دعوی کیا ہے کہ امریکی فوجی قافلے کو ہدف کو بنایا گیا تھا۔ طالبان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کئی گاڑیاں تباہ ہوئیں اور قابض فوجیوں کو بڑے پیمانے پر جانی نقصان پہنچا۔
شورش پسندوں کی جانب سے ہلاکتوں کے جو دعوے کیے جاتے ہیں، وہ اکثر اوقات غلط ثابت ہو تے ہیں۔