رسائی کے لنکس

کابل: پولیس ہیڈکوارٹرز میں خودکش بم دھماکا، ایک افسر ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دھماکے کے وقت عمارت کے احاطے میں لوگوں کا خاصا رش تھا کیونکہ اس وقت اکثر لوگ اپنے دفاتر میں کام کے لیے یہاں پہنچے تھے۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اتوار کو ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور کم ازکم سات زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق خودکش بمبار نے سخت حفاظتی حصار والے علاقے میں واقع پولیس ہیڈ کوارٹر میں پہنچ کر دھماکا کیا۔

کابل پولیس کے سربراہ جنرل محمد ظاہر ظاہر نے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ حملہ آور نے ان کے دفتر سے چند میٹر کے فاصلے پر خود کو جسم سے بندھے بارودی مواد سے اڑایا۔

"فوج کی وردی میں ملبوس خودکش حملہ آور نے عمارت کی تیسری منزل پر جہاں میرا دفتر ہے، خود کو دھماکے سے اڑایا، بدقسمتی سے اس حملے میں ایک پولیس افسر ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔"

ان کے بقول ہلاک ہونے والا افسر ان کے دفتر میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز تھا۔

بعد ازاں وزارت صحت کے عہدیداروں نے زخمی ہونے والوں کی تعداد سات بتائی جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

دھماکے کے وقت عمارت کے احاطے میں لوگوں کا خاصا رش تھا کیونکہ اس وقت اکثر لوگ اپنے دفاتر میں کام کے لیے یہاں پہنچے تھے۔

وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر عظیمی کے مطابق اس خودکش بم دھماکے سے دو گھنٹے قبل کابل میں افغان فوج کی ایک گاڑی کے قریب ایک بم دھماکا ہوا تھا لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

طالبان نے ان دونوں دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

حالیہ مہینوں میں طالبان کی طرف سے ہلاکت خیز حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئندہ ماہ کے اواخر میں بین الاقوامی اتحادی افواج کے ملک سے انخلا کے تناظر میں بڑھتی ہوئی تشدد کی لہر پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

XS
SM
MD
LG