رسائی کے لنکس

باکس آفس رپورٹ: 'کلکی 2898 اے ڈی' 800 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب


  • ستائیس جون کو ریلیز ہونے والی فلم 'کلکی 2898 اے ڈی' پہلے روز لگ بھگ 95 کروڑ بھارتی روپے کمائے ہیں۔
  • فلم نے 13 روز کے دوران بھارت سے 529 کروڑ جب کہ دنیا بھر سے 846 کروڑ بھارتی روپے کمائے۔
  • فلم میں میں پرابھاس، امیتابھ بچن اور دپیکا پڈوکون نے اداکاری کی ہے جب کی اس کی ہدایات ناگ اشون نے دی ہیں جو کہ ایک تیلگو فلم کا ری میک ورژن ہے۔

ویب ڈیسک _ سال 2024 میں بالی وڈ کی کامیاب سمجھی جانے والی فلم 'کلکی 2898 اے ڈی' نے 13 روز کے دوران دنیا بھر سے 800 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔

ستائیس جون کو ریلیز ہونے والی فلم نے پہلے روز لگ بھگ 95 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔

'کلکی 2898 اے ڈی' میں پرابھاس، امیتابھ بچن اور دیپیکا پڈوکون نے اداکاری کی ہے۔ یہ فلم تیلگو فلم کا ری میک ورژن ہے اور اس کی ہدایات ناگ اشون نے دی ہیں۔

باکس آفس کے اعداد و شمار جاری کرنے والی میڈیا کمپنی 'سیک نلک' کے مطابق فلم نے 13 روز کے دوران دنیا بھر سے 846 کروڑ بھارتی روپے کا مجموعی بزنس کیا ہے جس میں صرف بھارت سے 529 کروڑ کمائے ہیں۔

'کلکی 2898 اے ڈی' ان بھارتی فلموں میں شامل ہو گئی ہے جو ریلیز کے ایک ہفتے کے دوران ہی 500 کروڑ کلب میں شامل ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ فلم اینیمل، پٹھان، جوان، باہو بالی ٹو اور آر آر آر بھی ان فلموں میں شامل ہے جس نے ریلیز کے بعد کم عرصے میں 500 کروڑ سے زائد بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔

بھارتی اخبار 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق فلم 600 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ میں تیار ہوئی ہے جب کہ اسے تیلگو، تمل، ملایالم، ہندی اور انگریزی زبان میں ریلیز کی گئی ہے۔

فلم کی کہانی ہندو مذہب کے بھگوان وشنو کے گرد گھومتی ہے۔

کیا 'کلکی 2898 اے ڈی' ایک ہزار کروڑ بھارتی روپے کمانے میں کامیاب ہو سکے گی؟ فی الحال تو اس سوال کا جواب نہیں دیا جا سکتا کیوں آئندہ آنے والے چند ماہ کے دوران کئی بڑی فلمیں ریلیز کے لیے شیڈول ہیں۔

اگست میں شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی فلم 'استری 2' اور اداکار جان ابراہم کی فلم 'ویدا' سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

اس کے علاوہ ستمبر میں اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم 'جگرا' اور اکتوبر میں کرینہ کپور کی فلم 'دی بکنگھم مرڈرز' ریلیز ہو گی۔

فورم

XS
SM
MD
LG