رسائی کے لنکس

پی ایس ایل کے ڈرافٹ مکمل، کامران اکمل پشاور زلمی سے کیوں ناراض ہو گئے؟


کامران اکمل پشاور زلمی کی جانب سے سلور کیٹیگری میں انتخابات پر ناراض ہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ پی ایس ایل کے چھ ایڈیشنز کا ان کا سفر بہت شاندار تھا۔ لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ وہ پشاور زلمی کی جانب سے سلور کیٹیگری میں منتخب ہونے کے حق دار نہیں تھے۔ (فائل فوٹو)
کامران اکمل پشاور زلمی کی جانب سے سلور کیٹیگری میں انتخابات پر ناراض ہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ پی ایس ایل کے چھ ایڈیشنز کا ان کا سفر بہت شاندار تھا۔ لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ وہ پشاور زلمی کی جانب سے سلور کیٹیگری میں منتخب ہونے کے حق دار نہیں تھے۔ (فائل فوٹو)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے لیے تمام فرنچائز نے کھلاڑیوں کے لائن اپ مکمل کر لیے ہیں۔جن کا انتخاب چھ مختلف کیٹیگریز میں ہوا ہے۔ ڈرافٹنگ کے عمل پر کچھ کھلاڑی خوش جب کہ کچھ مایوس ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں اتوار کو پی ایس ایل سیون کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے دوران فرنچائز آفیشلز نے اپنی اپنی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

پلیئرز ڈرافٹ کے لیے 32 ممالک سے 425 کھلاڑی رجسٹرڈ تھے جنہیں پلاٹینیم، گولڈ، ایمرجنگ، ڈائمنڈ، سلور اور سپلیمنٹری کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا تھا۔

ہر فرنچائز کو گزشتہ سیزن میں نمائندگی کرنے والے زیادہ سے زیادہ آٹھ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی اجازت تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے ریٹینشن کا پورا کوٹہ استعمال کیا جب کہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سات سات کھلاڑیوں کو برقرار رکھا۔

پشاور زلمی نے جن کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار رکھا ان میں شعیب ملک، وہاب ریاض، حیدر علی، ردرفورڈ، لیام لیونگسٹن، ثاقب اور ٹام کوہلر شامل ہیں لیکن پشاور زلمی کے سلیکٹرز نے کامران اکمل کو برقرار نہیں رکھا۔

پی ایس ایل کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شامل کامران اکمل کو ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کیٹیگری سے نکال کر گولڈ کیٹیگری میں رکھا گیا تھا۔ البتہ پشاور زلمی نے کامران اکمل کو سلور کیٹیگری میں منتخب کیا۔

پشاور زلمی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کامران اکمل کی شمولیت سے متعلق ایک ٹوئٹ کی لیکن یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس کیٹیگری میں شامل کیا ہے۔

دوسری جانب کامران اکمل پشاور زلمی کی جانب سے سلور کیٹیگری میں انتخابات پر ناراض ہیں۔

کامران اکمل نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ پی ایس ایل کے چھ ایڈیشنز کا ان کا سفر بہت شاندار تھا۔ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس کیٹیگری کے حق دار نہیں تھے جس میں ان کا انتخاب کیا گیا ہے۔

کامران اکمل پی ایس ایل میں شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں۔ وہ لیگ کے پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے تین سینچریاں بنا رکھی ہیں۔ کامران اکمل پی ایس ایل کے تمام چھ ایڈیشنز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بھی ہیں۔

کامران اکمل نے 69 میچز میں 136 اعشاریہ آٹھ چار کی اوسط سے 1820 رنز بنا رکھے ہیں جب کہ ان کے کزن اور کراچی کنگز کے موجودہ کپتان بابر اعظم 58 میچز میں 2070 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

کامران اکمل کے انتخاب پر پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ افیئرز محمد اکرم کا کہنا ہے کہ کامران اکمل کو وہی معاوضہ دیا جائے گا جو انہیں گولڈ کیٹیگری میں دیا جانا تھا۔

محمد اکرم کے بقول "کامران اکمل ہمارے دلوں کے قریب رہیں گے۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بلکہ پی ایس ایل کے تمام چھ ایڈیشنز میں اپنے مداحوں کو انٹرٹین کیا ہے۔"

انہوں نے پی ایس ایل ڈرافٹنگ کے بعد میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ کامران اکمل کے سلور کیٹیگری میں انتخاب سے قبل انہیں اس حوالے سے آگاہ کر دیا تھا۔ البتہ انہیں وہی معاوضہ دیا جائے گا جو ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل کسی کھلاڑی کو دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG