رسائی کے لنکس

کراچی کنگز کو شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل فائنل میں


اسلام آباد یونائیٹڈ کے رونکی نے 39 گیندوں پر 94 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے رونکی نے 39 گیندوں پر 94 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی۔

پاکستان سوپرلیگ سیزن تھری کا کوالیفائر لیوک رونکی کی دھواں داربیٹنگ اور فیلڈرز کی ناقص کارکردگی کے باعث کراچی کنگز کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔اسلام آباد نے 8 وکٹوں سے میچ جیت کر کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 155 رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 12 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 2 وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا۔

لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے پہلے پاور پلے میں 75رنز بنا کر کراچی کنگز کی صفوں میں افراتفری مچا دی جس کے نتیجے میں بوکھلاہٹ کا شکار فیلڈرز نے کئی آسان کیچ ڈراپ کئے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رونکی نےصرف 19گیندوں پر 50رنز بنا ڈالے جو پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین ففٹی ہے۔

دونوں اوپنرز نے صرف 42 گیندوں پر 91 رنز کی برق رفتار شراکت بنا کر میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حق میں کر دیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ فرحان 29 رنز کی اننگ کھیل کر رونکی کا ساتھ چھوڑ گئے۔ ہیلز صرف 14 رنز بنا سکے۔

دوسری جانب رونکی نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے صرف 39 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے دھواں دار 94 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔

اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے اسلام آباد کے بولر محمد سمیع نے غلط ثابت کیا او ر صرف 17 رنز پر پہلے خرم منظور کو 6 اور پھر بابر اعظم کو صفر پر آؤٹ کر کے حریف ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔

کراچی کنگز کی مشکلات اُس وقت مزید بڑھ گئیں جب 46 کے مجموعی اسکور پر عماد بٹ نے کپتان مورگن کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ وہ 16 گیندو ں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ڈینلی اور کولن انگرام نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا اور چوتھی وکٹ کی شاندار شراکت میں 82 رنر جوڑے۔ بدقسمتی سے ڈینلی 51 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر ہٹ وکٹ ہو گئے۔

انگرام نے 39 گیندوں پر چھ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 68 رنز بنائےجو پی ایس ایل میں اُن کی پہلی نصف سنچری ہے۔

اس طرح کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لئے۔ آفریدی 4رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

فہیم اشرف نے 4 اوور ز میں 53 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جو پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کسی بھی بولر کی خراب ترین کارکردگی ہے۔ اُن کے آخری اوور میں 17 رنز بنے۔

ایونٹ کا پہلا ایلیمی نیٹر پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان 20 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

فاتح ٹیم 21 مارچ کو دوسرے ایلمی نیٹر میں کراچی کنگز کا سامنا کرے گی اورجو ٹیم بھی یہ میچ جیتے گی وہ 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ فائنل میں مدمقابل ہو گی۔

XS
SM
MD
LG