کراچی کے علاقے لیاری میں منگل کو رات گئے دستی بم کے حملے کے بعد بدھ کو بھی دن بھر کشیدگی برقرار رہی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے نتیجے میں مزید 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ لیاری کے ہی ایک علاقے بھیم پورہ میں نامعلوم افراد نے پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ساوٴتھ کے دفتر پر دستی بم پھینکا جس سے زور دار دھماکا ہوا اور دو خواتین اور ایک بچے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی افراد میں پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ساوتھ کے جنرل سیکرٹری ظفر بلوچ اور ان کے ایک قریبی ساتھی شامل تھے ۔
بم حملے کے کچھ دیر بعد ہی لیاری کے مختلف علاقوں میں شدید فائرنگ شروع ہوگئی ۔ ان علاقوں میں لی مارکیٹ، برنس روڈ اور سول اسپتال کے نزدیکی علاقے شامل تھے۔
دوسری جانب بدھ کو ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ بلدیہ ٹاوٴن، شیرشاہ ، تھانہ رسالہ کی حدود، برنس روڈ اور دیگر علاقوں میں ہوئی ۔ بلدیہ اور شیرشاہ میں فائرنگ سے ایک ،ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ رسالہ تھانے کی حدود سے ایک لاش ملی ۔ آخری خبریں آتے تک مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔
برنس روڈ کے قریب فریسکو چوک پر نامعلوم ملزمان نے ایک نوجوان کو گولیاں مار کرہلاک کردیا۔واقعے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کر دی۔گارڈن میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
مقبول ترین
1