رسائی کے لنکس

کراچی کی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد شروع


کراچی کی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد شروع
کراچی کی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد شروع

کراچی میں سپرہائی وے پر قائم ہونے والی مویشی منڈی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے اور قربانی کے جانوروں کی آمد بھی شروع ہوگئی ہے۔ منگل کی شام تک منڈی میں جتنی بھی گائیں اور بیل پہنچے تھے ان میں سے کسی جانورکی قیمت بھی 2 لاکھ روپے سے کم نہیں تھی۔

منڈی میں موجود جانوروں کے ایک آڑتی محمد ارشاد نے وائس آف امریکہ کے استفسار پر بتایا " منڈی میں ابھی عام لوگوں کی قوت خرید کے مطابق جانور نہیں پہنچے ہیں ۔ ابھی جو بھی جانور یہاں موجود ہیں وہ صرف ان لوگوں کے لئے ہیں جو یاتو یہیں کے یہیں جانور خرید کر اپنے فارم ہاوٴسز پر کچھ دن انہیں رکھ کر آگے فروخت کردیتے ہیں یا جو انتہائی قیمتی اور مہنگے جانوروں کی قربانی کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔ عام لوگوں کے لئے جانور کچھ دنوں بعد منڈی پہنچیں گے۔"

منڈی میں موجود مویشیوں کے ایک تاجر عبدالجبار نے وی او اے کے نمائندے کو بتایا "مویشی منڈی کا افتتاح گزشتہ روز یعنی پیر کو ہی ہوا ہے ۔ پہلے دن ہی کراچی کے ایک مشہور فارم ہاوٴس 'دلپسند' والوں نے منڈی پہنچ کر 15 جانور خرید لئے ۔ ان میں سے ہر ایک جانور کی قیمت آٹھ لاکھ سے ساڑھے آٹھ لاکھ ہے۔

نمائندے کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عبدالجبار نے بتایا "یہی جانور عید سے کچھ دنوں پہلے تک ڈبل قیمت میں فروخت کردیئے جائیں گے۔ شہر کے بڑے بڑے اور نامی گرامی بزنس مین اور ایک مخصوص کمیونٹی کے لوگ ہر سال مہنگے سے مہنگے جانور کی قربانی کرتے ہیں۔

عبدالجبار کا مزید کہنا تھا کہ ان کے اندازے کے مطابق منڈی اس بار بھی خوب چڑھے گی کیوں کہ سیلاب کی وجہ سے سینکڑوں جانور مر چکے ہیں۔ اس وجہ سے اگر جانوروں کی کمی ہوجائے تو کوئی بھی کوئی بعید نہیں۔ "

کراچی کے مرکز سے کچھ دور سپر ہائی وے پرقائم ہونے والی مویشی منڈی کے افتتاح کو آج دوسرا دن تھا لہذا نہ تو منڈی میں ابھی تاجروں کی بھرمار ہے اور نہ ہی خریداروں کا رش ۔ لیکن جیسے جیسے عبدالاضحی کے دن قریب آتے جائیں گے یہاں رش بڑھتا چلا جائے گا اور آخری دس دنوں میں یہاں تل دھرنے کو بھی جگہ نہیں بچتی۔

منڈی کی زمین کوہر سال ٹھیکے پر باقاعدہ بولی کے تحت نیلام کیاجاتا ہے جس کے لئے ٹینڈر طلب کئے جاتے ہیں۔اس سال یہ ٹھیکہ فیصل برادرز نامی ایک کمپنی کو دیا گیا ہے جس کے کنٹریکٹر شہاب علی ہیں ۔ شہاب علی کے مطابق چونکہ سپرہائی کا علاقہ آبادی سے کچھ فاصلے پر ہے لہذا یہاں ہرسال زمین ہموار کی جاتی ہے اورسال کے دوران اگ آنے والی جھاڑیوں کو کاٹنے کے لئے ہیوی مشینری استعمال کی جاتی ہے۔

منڈی 800 ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہے جس میں گائے اور بیل کیلئے چھ سو ایکڑ زمین پر 22 بلاک جبکہ بکروں کے لئے 200 ایکڑ زمین پر 8 بلاک بنائے گئے ہیں ۔اس منڈی کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہاں ہر سال سب سے خوبصورت اور صحت مند جانوروں کے درمیان"مقابلہ حسن" ہوتا ہے جسے دیکھنے کے لئے لوگ دور دور سے منڈی کا رخ کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG