رسائی کے لنکس

کراچی میں 2013ء کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا


اس کیس کا سب سے دردناک پہلو یہ ہے کہ مشرف کے والد عثمان اور چچا خود بھی پولیو کا شکار ہیں۔ اس کے باوجود عثمان نے مشرف کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کردیا تھا

کراچی کے مضافاتی علاقے بن قاسم ٹاوٴن میں سال 2013ء کا پہلا پولیو کیس سامنے آیا ہے۔ اس علاقے کا شمار کراچی کی ان بستیوں میں ہوتا ہے جہاں انسداد پولیو مہم کو شدید خطرات لاحق رہتے ہیں۔ اسی علاقے کے ایک رہا ئشی عثمان کا دو سالہ بیٹا مشرف پولیوکا شکار ہوگیا ہے۔

اس کیس کا سب سے دردناک پہلو یہ ہے کہ مشرف کے والد عثمان اور چچا خود بھی پولیو کا شکار ہیں۔ اس کے باوجود عثمان نے مشرف کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کردیا تھا محض اس بنا پر کہ اس نے اپنے کچھ نادان ساتھیوں کی زبانی انسداد پولیو مہم کو اب سے کچھ مہینے پہلے ایبٹ آباد میں پیش آنے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کے واقعے سے جوڑ دیا تھا۔

مشرف کے والد عثمان نے وائس آف امریکہ کے نمائندے سے خصوصی بات چیت میں انتہائی افسوس اور ملامت کے ساتھ بتایا کہ، ’مجھے سب سے زیادہ پچھتاوا اس بات پر ہے کہ میں خود بھی پولیو کا شکار ہوں اور معذورں کی زندگی گزار رہا ہوں لیکن اس کے باوجود میں نے دوسروں کی باتوں میں آکر اپنے بچے کی زندگی اپنے ہاتھوں داوٴ پر لگادی۔ ‘

عثمان نے مزید بتایا کہ، ’میرے چار بچے ہیں اور مشرف ان میں سب سے چھوٹا ہے۔ ابتدا میں مشرف کو بھی پولیو کے قطرے پلائے مگر کورس پورا نہیں کروایا جس کی وجہ سے اس کی بائیں ٹانگ متاثر ہو ئی‘ ۔

عثمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ زندگی کی بھیانگ ترین غلطی کرنے کے بعد مجھے ’عقل آگئی ہے‘۔ لیکن، اب میں چاہتا ہوں کہ کوئی دوسرا میری اس غلطی کو نہ دوہرائے۔ پولیو کے قطرے صرف ایک زندگی ہی نہیں، پوری ایک نسل کوکسی نہ کسی شکل میں متاثر ہونے سے بچاتے ہیں‘۔

کراچی میں مقیم اور انسداد پولیو مہم کے لئے کام کرنے والے ایک رضاکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا، ’یہ کیس جنوری کے آخری ہفتے میں سامنے آیا تھا ۔ جب رضاکاروں نے واقعے کی تفصیلات کے لئے متاثرہ بچے کے گھرتک پہنچنے کو کوشش کی تو پولیس نے انہیں یہ کہہ کر روک دیا کہ اس علاقے میں آپ لوگوں کی جان کو خطرہ ہوسکتاہے ، لہذا ہمیں عثمان یا مشرف سے ملنے نہیں دیا گیا‘۔

اقوام متحدہ کے ایک ذیلی ادارے کے ہمراہ انسداد پولیو پر کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم کے نمائندے نے وی او اے کو بتایا، ’مشرف کا کیس سامنے آنے کے بعد فوری طور پر بن قاسم ٹاوٴن میں پولیو کی ایک روزہ خصوصی مہم Mopup کے نام سے چلائی گئی۔ اس مہم کا مقصد یہ تھا کہ پولیو کا مرض آگے نہ بڑھنے پائے‘۔
XS
SM
MD
LG