رسائی کے لنکس

کراچی سمیت اندرونِ سندھ میں کشیدگی، احتجاج


بعض علاقوں میں دستی بم حملے کی رپورٹوں سمیت ہوائی فائرنگ کی بھی اطلاعات ملی ہیں اور بتایا گیا ہے کہ نا معلوم افراد نے شہر میں متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کیا

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد، الطاف حسین کی لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ گرفتاری کی خبر سامنے آتے ہی کراچی سمیت صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں صورت حال کشیدہ ہو گئی اور کاروباری مراکز بند ہونا شروع ہوگئے۔

مقامی ذرائع ابلاغ پر اس خبر کے نشر ہونے کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، ناظم آباد، گلستان جوہر، نیپا چورنگی، ملیر، ڈرگ روڈ اور دیگر علاقوں میں اضطراب کی سی صورت حال دیکھی گئی، جب کہ بعض علاقوں میں دستی بم حملے سمیت ہوائی فائرنگ کی بھی اطلاعات ملی ہیں اور نا معلوم افراد کی جانب سے شہر میں متعدد گاڑیوں کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

کشیدہ صورت حال کے پیش نظر، کراچی پولیس کی جانب سے سکیورٹی ہائی الرٹ پر ہے۔


پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں، جب کہ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بھی انڈکس کئی پوائنٹس گر گیا۔

دوسری جانب، کراچی میں منگل کو ہونے والے تمام امتحانی پرچے بھی ملتوی کردیئے گئے، جبکہ شہر بھر کے پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشن بھی کنٹینرز لگا کر بند کردئے گئے۔

ہنگامہ آرائی کے خدشے کے باعث، لوگ اپنے گھروں کو واپس جانے لگے، جس سے شہر بھر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث سخت پریشانی کا سامنا رہا۔

یہی صورتحال اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں سامنے آئی ہے، جہاں کاروباری سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔
XS
SM
MD
LG