رسائی کے لنکس

کراچی: حالات بدستور کشیدہ، متعدد افراد گرفتار


Pro and anti-government protesters throw stones during clashes near Tahrir Square in Cairo, Egypt, January 30, 2013.
Pro and anti-government protesters throw stones during clashes near Tahrir Square in Cairo, Egypt, January 30, 2013.

کراچی میں ہونے والے حالیہ تشدد میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں ملیر اور لانڈھی کا پولیس نے محاصرہ کرکے تلاشی کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا ہے جس سے تفتیش جاری ہے۔

گزشتہ تین روز سے جاری ہلاکت خیز فسادات میں اب تک 44 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں جس کے بعد صرف رواں ماہ کے دوران شہر میں لسانی اور سیاسی بنیادوں پر ہونےو الی ہلاکتوں کی تعداد 185 ہوگئی ہے۔

پیر کو کراچی ایسٹ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس نعیم بروکا نے صحافیوں کو بتایا کہ اس علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ایک ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جن میں دو سو کمانڈوز بھی شامل ہیں۔ ساتھ ہی یہاں کے اندرونی علاقوں میں گشت کے انتظامات بھی کیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان مقامات کی نشاندہی ہوچکی ہے جہاں سے فائرنگ کی گئی اور جنہوں نے فائرنگ کی ان کی بھی شناخت کرلی گئی ہے تاہم نعیم بروکا نے اس کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔لیکن ان کے بقول انٹیلی جنس کی بنیاد پر حاصل کی گئی معلومات کی بنیاد پر ان علاقوں میں مزید آپریشنز کیے جائیں گے۔

کراچی میں حالیہ پرتشدد واقعات کا آغاز ملیر اور لانڈھی میں متحدہ قومی موومنٹ اور اس کے مخالف دھڑے مہاجر قومی موومنٹ کے درمیان تصادم سے ہوا جس میں شدید فائرنگ کے علاوہ راکٹوں کے استعمال کی بھی اطلاعات ہیں۔

پیر کو چوتھے روز بھی حالات معمول پر نہ آسکے اور خوف و ہراس کے باعث یہاں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔

XS
SM
MD
LG