کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ جمعہ کی رات تک پرتشدد واقعات میں مرنے والوں کی تعداد گیارہ ہوگئی ۔ ہلاک ہونے والوں میں دو وکلا فہیم ریاض اورسلیم بھٹی بھی شامل ہیں۔ ان دونوں وکلا کا تعلق مسلم لیگ ن سے بتایا جارہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے لائیرز فورم کے صدر ارشد جدون کے مطابق فہیم ریاض طیارہ سازش کیس میں نواز شریف کے وکلا کی ٹیم کا حصہ تھے۔ وہ مسلم لیگ لائیرز فورم سندھ کے چیف آرگنائزر بھی تھے جبکہ محمد سلیم بھٹی لائیرز فورم سندھ کے نائب صدر تھے۔ بار کونسل سندھ کی جانب سے قتل پر احتجاج کے طور پر ہفتے کو عدالتی کارروائی کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
واقعہ کراچی کی سب سے بڑی شاہراہ ، فیصل پر ایف ٹی سی کے قریب پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار دونوں وکلاء موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 7 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پولیس کے مطابق ڈیفنس میں پنجاب چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پرانا گولیمار میں واقع کھجی گراوٴنڈ سے ایک نوجوان کی بوری بند لاش ملی جسے اغواء کے بعد گولی مار کرہلاک کیا گیا ۔
ناگن چورنگی پل کے قریب گاڑی پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 50 سالہ انور اسلام ہلاک اور 15 سالہ لڑکی فاطمہ ظفر زخمی ہوگئی۔ نیو کراچی کے علاقے میں بشیر چوک کے قریب شیرآغا ہوٹل پر فائرنگ سے 38 سالہ سبحان علی ہلاک ہوگیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ہوٹل کے کاوٴنٹر پر موجود 30 سالہ اخلاص بھی زخمی ہوا۔
اورنگی ٹاوٴن نمبر 5 کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی آنکھوں پر کالی پٹی اور ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔ اس سے قبل نیو کراچی کے علاقے میں شفیق موڑ کے قریب مسافر بس روٹ نمبر ڈبلیو 11 پر بھی فائرنگ سے 25 سالہ عبدالستار ہلاک ہوگیا۔ فائرنگ سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ لیاری کے علاقے کلاکوٹ سے ایک شخص کی بوری میں بند لاش ملی جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر پولیس سرچ آپریشن کیا گیا جس میں پولیس کے ایک ہزار سے زائد کمانڈوز اور اہلکاروں نے حصہ لیا لیکن پولیس اور کمانڈوز کو خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق امن و امان کی صورتحال کے باعث اورنگی ٹاوٴن کے مختلف علاقوں، گلفام آباد، قصبہ کالونی، بخاری کالونی اور دیگر علاقوں میں کیا گیا۔ ایس ایس پی آصف اعجاز شیخ کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 15 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں آج فائرنگ کے واقعات میں تین افراد ہلاک ہوگئے پولیس کے مطابق ناگن چورنگی کے پل پر نامعلوم ملزمان نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک بچی زخمی ہوگئی۔ نیوکراچی کے علاقے بشیر چوک کے قریب بھی نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک شخص زخمی جبکہ اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔