رسائی کے لنکس

کشمیر میں اعتماد سازی کے اقدامات: پاک بھارت مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس


کشمیر میں اعتماد سازی کے اقدامات: پاک بھارت مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس
کشمیر میں اعتماد سازی کے اقدامات: پاک بھارت مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس

اِس ماہ کے اواخر میں بھارت اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے مابین ہونے والے مذاکرات سے قبل پیر کے روز نئی دہلی میں دونوں ملکوں کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا جِس میں کشمیر میں کنٹرول لائن کے دونوں طرف آمد و رفت اور تجارتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور اعتماد کی بحالی سے متعلق اقدامات کو تیز کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

بعد میں وزراتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اجلاس بہت خوشگوار ماحول میں ہوا اور دونوں فریقوں نے آمد و رفت اور تجارت کے فروغ سے متعلق فیصلوں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے پر بھی تبادلہٴ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق، اِس اجلاس میں جو فیصلے کیے گئے ہیں توقع ہے کہ اُن کا اعلان 26اور27جولائی کو نئی دہلی میں ہونے والے وزرائے خارجہ مذاکرات کے دوران کیا جائے گا۔

اجلاس کے بعد ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں ملکوں کے عہدے داروں نے کنٹرول لائن کے آرپار سفر اور تجارت کے موجودہ اقدامات پر غور کیا ہے اور مزید اقدامات کے اعلان پر بھی تبادلہٴ خیال کیا ہے۔

ورکنگ گروپ کے اجلاس میں بھارتی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ میں جوائنٹ سکریٹری وائی کے سنہا اور پاکستان کی قیادت پاکستانی وزارتِ خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا، زہریٰ اکبری نے کیا۔

13جولائی کو ممبئی میں ہونے والے سلسلے وار بم دھماکوں کے بعد دونوں ملکوں کے مابین یہ پہلی میٹنگ تھی۔

دھماکوں کے بعد دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام نے واضح کیا تھا کہ تشدد کے اِن واقعات کو بھارت پاک مذاکرات پر اثرانداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔

پاکستان نے اِن دھماکوں کی شدید مذمت کی تھی۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG