پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کے قریب سیاحوں کی ایک گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے کم ازکم 14 افراد ہلاک اورپانچ زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق مسافرسیاح وادی نیلم جارہے تھے کہ دیولیاں کے مقام پر گاڑی کھائی میں گر گئی۔
وین میں 22 سیاح سوار تھے ، حادثے کے بعد سول اور فوجی اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور بعض زخمیوں کو مظفرآباد کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
پاکستانی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں اس سے قبل ایسے حادثات ہو چکے ہیں اور ان کی وجہ تیزرفتاری بتائی جاتی ہے۔
حادثے کے بارے میں پاکستانی کشمیر کے وزیر اطلاعات سردار فاروق طاہر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جس شاہراہ پر یہ حادثہ پیش آیا وہ انتہائی دشوارگزار ہے اور خستہ حال ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس سڑک کی کشادگی اور مرمت کا کام جاری ہے۔
سردار فاروق طاہر نے بتایا کہ دوسرے علاقوں سے کشمیر کے اس حصے میں آنے والے ڈرائیورشاہراوں کی صورت حال سے آگا ہ نہیں ہو تے جس کے باعث ایسے حادثات پیش آتے ہیں ۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیرمیں ہر سال ہزاروں سیاح وادی نیلم سمیت دیگر سیاحتی مقامات کا رُخ کرتے ہیں۔