رسائی کے لنکس

کرکٹرز کی خوراک: 'کسی کو پاستا اور کسی کو دہی پسند'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ میں جب سے تبدیلی آئی ہے۔ اس کے بعد سے کھلاڑیوں کی خوارک اور پسندیدہ کھانوں یا ناپسندیدہ ڈشز سے متعلق خبریں بھی منظر عام پر آنا شروع ہوگئی ہیں۔

چیف کوچ اور سلیکٹر مصباح الحق نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی پچھلے ہفتے کھلاڑیوں پر مرغن غذائیں کھانے پر پابندی لگا دی تھی۔

اب پاکستان کرکٹ اکیڈمی لاہور کے ایگزیکٹو شیف کاظم حسین ہر کھلاڑی کی پسند کے کھانوں سے متعلق تفصیلی معلومات سامنے لے آئے ہیں۔

کاظم حسین پچھلے 13 برسوں سے لاہور اکیڈمی میں پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ بخوبی آگاہ ہیں کہ کس کھلاڑی کو کھانے میں کیا پسند ہے۔

شیف کاظم کی جانب سے پی سی بی کو دی گئی معلومات کے مطابق دراز قد فاسٹ بالر محمد عرفان خوش خوراک ہیں اور انہیں کھانے کو کچھ بھی اور کہیں بھی مل جائے تو وہ کھالیتے ہیں۔

شیف کاظم حسین
شیف کاظم حسین

اُن کے بقول محمد عرفان جتنا کھانے پینے کا شوق رکھتے ہیں، ان کے مقابلے میں امام الحق اپنی خوراک کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ انہیں ظہرانے میں صرف پھل اور دہی کھانا پسند ہے۔

کاظم حسین کے مطابق آل راؤنڈر شعیب ملک 'ہری مرچ پاستا' بہت شوق سے کھاتے ہیں اور وہ جب بھی اکیڈمی آتے ہیں پاستا کھانا نہیں بھولتے اور پاستا اُن کی پسندیدہ غذا ہے۔

پی سی بی کے شیف کا مزید کہنا ہے کہ وہ انتخاب عالم، وسیم باری، سرفراز نواز، وقار یونس اور راشد لطیف سمیت کئی نامور کرکٹرز کو کھانا کھلا چکے ہیں۔ تاہم اب اُن کی خواہش ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو اپنے ہاتھ کا بنا کھانا پیش کریں۔

کاظم حسین بتاتے ہیں کہ اکیڈمی میں موجود غیر ملکی کوچز کے لیے اُن کی فرمائش پر بھی مخصوص کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔ عام طور پر وہ 'لزانیہ' اور 'پاستا' کھانے کے شوقین ہوتے ہیں۔

ان کا مزید بتانا ہے کہ خوراک کی تیاری میں کھلاڑیوں کے لیے پروٹین، کاربوہائیڈریٹس سمیت دیگر ضروری اجزاء کی خاص مقدار کو مد نظر رکھ کر کھانا تیار کیا جاتا ہے۔

کاظم حسین 2006 سے اکیڈمی کا حصہ ہیں۔ ان کا سلیکشن جس پینل نے کیا تھا ان میں آنجہانی کوچ باب وولمر، سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان اور ذاکر خان سمیت 9 رکنی بورڈ شامل تھا۔

کاظم حسین کے بقول اُنہیں کھانا پکانے کا شوق اپنی والدہ کو کھانا پکاتے دیکھ کر پیدا ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG