امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے منگل کے روز روسی ہم منصب سرگئی لاروف کو ٹیلی فون کرکے پیر کو انقرہ میں روسی سفیر آندرے کارلوف کے قتل پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ایک بیان میں محکمہٴ خارجہ کے ترجمان، جان کِربی نے بتایا کہ کیری نے روسی سفیر کے قتل کے معاملے کی تفتیش کے حوالے سے امریکی مدد کی پیشکش کی، ’’چاہے جس طرح کی بھی مدد درکار ہو‘‘۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے خصوصی طور پر شام کی صورت ِحال پر بات چیت کی۔ ’’اُنھوں نے فوری جنگ بندی، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسد کی جلد دستیابی اور خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے سیاسی مذاکرات جاری کرنے کی کوششوں پر زور دیا‘‘۔