رسائی کے لنکس

پیرس: امریکی وزیرِ خارجہ کی عرب رہنماؤں سے ملاقاتیں


اسرائیلی ریڈیو نے دعویٰ کیا ہے کہ جان کیری اسرائیل سے مغربی کنارے کے بعض علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر عارضی طور پر روکنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن سے متعلق معاملات پر گفتگو کے لیے فرانس کے دارالحکومت پیرس پہنچے ہیں جہاں انہوں نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق بدھ کو ہونے والی ملاقات اسرائیل اور فلسطین کے درمیان معطل امن مذاکرات دوبارہ بحال کرنے کی امریکی کوششوں کا حصہ ہے۔

محکمۂ خارجہ کی ترجمان جین پساکی نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ امن عمل کی بحالی سے متعلق مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں اور امریکہ مذاکرات کے دائرہ کار پر فریقین کے درمیان موجود اختلافات کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے دعویٰ کیا ہے کہ جان کیری فلسطینی رہنماؤں کے دباؤ پر اسرائیل سے مغربی کنارے کے بعض علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر عارضی طور پر روکنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔

ریڈیو کے مطابق جان کیری مذاکرات کی بحالی کے جس منصوبے پر کام کر رہے ہیں اس کے تحت اسرائیل-فلسطین امن مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ڈیڈ لائن اپریل سے بڑھا کر رواں برس کے اختتام تک کرنے کی تجویز ہے۔

خیال رہے کہ تین سال کے تعطل کے بعد امریکی کوششوں سے گزشتہ برس جولائی میں اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں نے امن مذاکرات کی بحالی پر اتفاق کیا تھا لیکن تاحال ان مذاکرات میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

ابتدائی رابطوں کے دوران اسرائیل نے بعض فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کی تھی جس کےجواب میں فلسطینی رہنماؤں نے مقبوضہ علاقوں میں یہودی آبادیوں کی تعمیرات روکنے کے مطالبے میں نرمی کا عندیہ دیا تھا۔

فلسطینی صدر کے ساتھ ملاقات سے قبل جان کیری نے اردن کے وزیرِ خارجہ ناصر جودہ سے بھی ملاقات کی جس میں اسرائیل – فلسطین امن عمل کی بحالی کےا مکانات پر غور کیا گیا۔

فرانس آمد سے قبل جناب کیری نے منگل کو تیونس کا مختصر دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے تین سال قبل عرب ممالک میں شروع ہونےو الی عوامی احتجاجی تحریک کے بعد تیونس کی جمہوریت کی جانب پیش قدمی کو سراہا تھا۔

تیونس کے صدر منصف مرزوقی کےساتھ اپنی ملاقات میں جان کیری نے کہا تھا کہ امریکہ تیونس کے "منطقی اور سوچے سمجھے انداز میں جمہوریت کی جانب سفر سے بہت متاثر ہے"۔
XS
SM
MD
LG