رسائی کے لنکس

اسرائیل فلسطین امن مذاکرات پر اہم پیش رفت ہوئی: جان کیری


امریکی وزیر ِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کوئی ’بریک تھرو‘ تو نہیں ہوا اور ابھی کچھ تفصیلات طے کرنا باقی ہے لیکن جان کیری کے مطابق وہ دونوں فریقین کی معاملے میں سنجیدگی سے متاثر ہوئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ درست راستے پر ہیں۔

امریکی وزیر ِ خارجہ جان کیری کا مشرق ِ وسطیٰ کا پانچواں دورہ اسرائیل فلسطین امن مذاکرات کی بحالی پر بغیر کسی سمجھوتے کے اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ لیکن امریکی وزیر ِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

جان کیری کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے تنازعے میں بہت سے معاملات پر بات چیت ہوئی ہے۔ ان کے الفاظ، ’اس دورے کے دوران اس حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے۔ اور مجھے یقین ہے کہ اس ضمن میں مزید کچھ کام کے بعد دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔‘

امریکی وزیر ِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کوئی ’بریک تھرو‘ تو نہیں ہوا اور ابھی کچھ تفصیلات طے کرنا باقی ہے لیکن جان کیری کے مطابق وہ دونوں فریقین کی معاملے میں سنجیدگی سے متاثر ہوئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ درست راستے پر ہیں۔

اپنے چار روزہ دورے میں امریکی وزیر ِ خارجہ نے دو مرتبہ فلسطینی صدر محمود عباس اور تین مرتبہ اسرائیلی وزیر ِ اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی۔

مسٹر نیتن یاہُو نے بعد میں اپنی کابینہ کو بتایا کہ وہ بغیر کسی پیشگی شرائط کے امن مذاکرات کی بحالی کے لیے تیار ہیں۔

فلسطین کی جانب سے امن مذاکرات کے لیے اہم فریق صیب اریکت کے مطابق فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے کوئی اہم پیش رفت تو نہیں ہوئی۔ لیکن صیب اریکت کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں امریکی وزیر ِ خارجہ کی کاوشیں فلسطینیوں کے لیے اہم تھیں۔ صیب اریکت نے امن مذاکرات کی بحالی میں سفارتی کوششوں کی ناکامی کا ذمہ دار اسرائیلی وزیر ِ اعظم نیتن یاہو کو ٹھہرایا، جو ان کے مطابق امن مذاکرات کی بحالی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات گذشتہ کئی برسوں سے تعطل کا شکار ہیں۔ فلسطینیوں کا موقف ہے کہ وہ اس صورت میں امن مذاکرات کی بحالی پر آمادہ ہوں گے اگر اسرائیل مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں نئی بستیوں کی تعمیر روک دے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔

دوسری طرف اسرائیل کا کہنا ہے کہ امن مذاکرات کسی پیشگی شرائط کے بغیر بحال کیے جائیں۔

امریکی وزیر ِ خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ یہ تنازعات امن مذاکرات کا حصہ ہونے چاہیئں۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ وہ اس خطے میں واپس آئیں گے کیونکہ اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں نے انہیں دوبارہ آنے کی دعوت دی ہے اور ان کے نزدیک ان کی یہ کاوش دونوں فریقین کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کا سبب بن سکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG