رسائی کے لنکس

اسرائیل اور اردن کا مقدس مقامات پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق


امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے عمان میں کہا کہ اس کے متعلق تفصیلات طے کرنے کے لیے مزید بات چیت ضروری ہے اور اسرائیل اور فلسطین کے لیے خصوصی نمائندے فرینک لونسٹین اعلیٰ عہدیداروں سے مزید ملاقاتوں کے لیے اردن ہی میں ٹھہریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اسرائیل اور اردن نے یروشلم کے مقدس مقام پر تشدد کو کم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات پر اتفاق کیا ہے جس میں حرم الشریف کی وڈیو مانٹرنگ بھی شامل ہے۔ یہ علاقہ یہودیوں اور مسلمانوں کے لیے یکساں طور پر باعث تعظیم ہے۔

جان کیری نے کہا کہ،" اس سے مکمل شفافیت اور صاف طریقے سے (صورت حال) حالات پر نظر رکھی جاسکتی ہے"۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس حوالے سے ایک مکمل طور پر تبدیل شدہ صورت حال ہو گی جس میں ان کی حوصلہ شکنی ہو گی جو اس مقدس مقام کی حرمت کو نقصان پہچانا چاہتے ہیں"۔

یہ بات انہوں نے ریاض روانگی سے قبل عمان میں اردن کے وزیر خارجہ ناصر جودہ کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہی۔

جودہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے معاملات "پیچیدہ" ہیں۔" تاہم اس معاملے میں شریک فریقین ان بہت مشکل سمجھے جانے والے معاملات کو بھی حل کر سکتے ہیں"۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ہونے پر تشدد واقعات میں کم از کم 10 اسرائیلی اور 50 فلسظینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ہفتے کو اسرائیلی پولیس نے اس فلسطینی شخص کو ہلاک کر دیا جس نے مغربی کنارے میں اسرائیلی اور فلسطینی زیر انتظام علاقے سے گزرنے والے ایک راستے پر ایک سکیورٹی عہدیدار کو چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

اس سے قبل ہفتے کو ہی کیری نے فلسطینی رہنما محمود عباس سے ملاقات کی اردن میں ہونے والی یہ ملاقات جمعرات کو ویانہ میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ہونے والی ملاقات کے بعد ہوئی۔

کیری نے کہا کہ وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسرائیل اور اردن کے درمیان زیادہ روابط پر زور دیا۔ یروشلم کے مقدس مقامات کے انتظامات اردن کی طرف سے قائم ایک اسلامی تنظیم 'وقف' کی طرف سے کیے جاتے ہیں۔

ہفتے کو جاری ہونے والے ایک وڈیو پیغام میں نیتن یاہو نے کہا کہ "اسرائیل چاہتا ہے کہ وہ لوگ جو ٹمپل ماؤنٹ پر عبادت یا زیارت کے لیے آتے ہیں انہیں یہ امن سے کرنے کی اجازت ہو جو امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے تشدد، خطرات، اشتعال اور دھمکیوں سے پاک ہو"۔

نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت وقف کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ "اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ زائرین اور عبادت کرنے والے تحمل اور اس جگہ کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے اسرائیلی اور اردن کے وقف کی متعلقہ ذمہ داریوں کا احترام کریں"۔

کیری نے عمان میں کہا کہ اس سے متعلق تفصیلات طے کرنے کے لیے مزید بات چیت ضروری ہے اور اسرائیل اور فلسطین کے لیے خصوصی نمائندے فرینک لونسٹین اعلیٰ عہدیداروں سے مزید ملاقاتوں کے لیے اردن ہی میں ٹھہریں گے۔

XS
SM
MD
LG