شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان ایک ماہ سے زائد عرصے سے عوامی سطح پر نہیں دیکھے گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی خرابی صحت اور سیاسی مسائل کے حوالے سے چہ می گوئیاں کی جا رہی ہیں۔
کم جنہوں نے 2011 میں اپنے والد کے انتقال کے بعد اقتدار سنبھالا تھا، کو آخر ی بار تین ستمبر کو ان کے پسندیدہ پاپ گروپ مورا نبانگ بینڈ کے کنسرٹ میں دیکھا گیا تھا۔ مورا نبانگ بینڈ گروپ صرف ان پانچ لڑکیوں پر مشتمل ہے جن کا چناؤ کم نے خود کیا تھا۔
شمالی کوریا کے امور پر نظر رکھنے والوں کو اس وقت حیرانی ہوئی جب ستمبر کے اواخر میں کم نے ملک کی رسمی پارلیمان کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں صرف پہلے دو سال ہی اس کے اجلاس میں شرکت کی۔
دو ماہ قبل کم کو اپنے دادا اور ملک کے بانی صدر کی 20 ویں برسی کی تقریب کے موقع پر اسٹیج پر بظاہر مشکل سے اور لنگڑا کر چلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
اس کے کچھ ہی عرصے بعد سرکاری میڈیا کے ایک دستاویزی پروگرام میں ان کی صحت سے متعلق سرسری طور پر بتایا گیا کہ ان کو ایک غیر واضح ''تکلیف " درپیش ہے۔
اس موقع پر ان کی صحت کے بارے میں قیاس آرائی کرنا محض ایک مفروضہ ہو گا۔ اس حوالے سے کوئی قیاس آرائی کرنا اس لیے بھی مشکل ہے کیونکہ شمالی کوریا میں طرز حکومت میں مکمل رازداری ہوتی ہے جہاں ماسوائے سرکاری اعلامیے کے بہت کم معلومات ہی سامنے آتی ہیں۔
شمالی کوریا کے میڈیا کے مطابق کم کو گنٹھیا کا مرض لاحق ہے جو ان کی خاندانی بیماری ہے اس کے علاوہ انہیں وزن کی زیادتی کی وجہ سے کولیسٹرول کی زیادتی، بلند فشار خون اور ذیابیطس جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے۔
کئی مبصرین کا کہ کہنا ہے کہ ان کی چھوٹی بہن کم یو جانگ ان کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سامنے آ گئی ہیں۔ وہ کم جانگ ال کے بچوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔
ان قیاس آرائیوں کے باوجود ، بیرونی دنیا کم جونگ ان کے بار ے میں صحیح طور پر اس وقت جان سکے گی جب جمعہ کو شمالی کوریا میں حکمران کورین ورکرز پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
اگرشمالی کوریا کے رہبر اعلیٰ اس تقریب میں جس کو سب کے لیے دیکھنا لازمی ہوتا ہے میں شرکت نہیں کرتے تو اس سے یہ اشارہ ملے گا کہ ان کو بہت سخت صورت حال کا سامنا ہے جو جسمانی یا سیاسی بھی ہو سکتی ہے۔