امریکی ٹی وی کی نامور شخصیت اور ماڈل، کِم کارڈیشیئن کو اسلحے کے زور پر پیرس کے ایک ہوٹل میں لوٹ لیا گیا۔
امریکی ٹی وی ’سی این این‘ اور’فوکس نیوز‘ سمیت عالمی میڈیا نے کِم کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کی نمایاں انداز میں کوریج کی ہے۔
فرانسیسی خبر ایجنسی، اے ایف پی کے مطابق، کِم کارڈیشیئن اپنی والدہ اور بہن کے ساتھ ایک فیشن ویک میں حصہ لینے پیرس پہنچی تھیں۔
ہوٹل کے کمرے میں نقاب پہنے دو مسلح افراد نے کِم کو یرغمال بنا کر 10 لاکھ یورو مالیت کے زیورات سے محروم کر دیا۔ مسلح افراد پولیس کی وردی میں ملبوس تھے۔
فرانسیسی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کِم پر تشدد نہیں کیا گیا اور واقعے میں انہیں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔ تاہم، وہ بہت زیادہ خوف زدہ ہیں۔ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
کِم ڈکیتی کی واردات کے کچھ ہی گھنٹے بعد واپس امریکہ روانہ ہوگئیں۔
مشہور ریپر اور کِم کے شوہر، کینے ویسٹ کو جب اس واقعے کا علم ہوا تو وہ نیویارک میں جاری میڈوز فیسٹیول میں اپنی پرفارمنس ادھوری چھوڑ کر گھر روانہ ہوگئے۔
کینے ویسٹ نے فیسٹیول میں موجود اپنے فینز سے کہا کہ ان کی فیملی کے ساتھ ناگہانی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث وہ فیسٹیول سے قبل از وقت روانہ ہو رہے ہیں۔
واقعے کے بعد، ہالی وڈ سمیت دنیا بھر کی مشہور و معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پر کِم سے اظہار ہمدردی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔