شام کے شمالی سرحدی علاقے کوبانی میں منگل کو بھی ’دولت اسلامیہ‘ کے خلاف کرد فورسز کی لڑائی جاری رہی۔
کوبانی پر جیٹ طیاروں کی پروازیں بھی جاری رہیں اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنی جاتی رہیں۔
دولت اسلامیہ کے جنگجو کوبانی پر قبضے کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں تاہم علاقے میں موجود کرد فورسز کی طرف سے اُنھیں شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
اس علاقے میں امریکہ کی زیر قیادت اتحاد کی طرف سے دولت اسلامیہ کے اہداف کے خلاف گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے جیٹ طیاروں کی مدد سے کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
کوبانی سے ملحقہ ترکی کی سرحد پر نصب کیمروں کی مدد سے حاصل ہونے والی ویڈیو کے مطابق جہازوں کے گزرنے کی آوازوں کے علاوہ دھوئیں کے گہرے بادل اُٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔
توقع ہے کہ عراق کے کردستان کے خطے سے ’پیش مرگ‘ کرد فورسز کوبانی میں پہلے سے دولت اسلامیہ کے خلاف لڑنے والے کردوں کی مدد کے لیے اس ہفتے پہنچیں گی۔
امریکہ کی زیر قیادت اتحاد کی عراق میں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف فضائی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
برطانیہ میں قائم تنظیم ’سیئرین آبزرویٹری فار ہیومین رائٹس‘ نے اتوار کو کہا تھا کہ کوبانی میں لڑائی کے دوران اب تک آٹھ سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 500 دولت اسلامیہ کے شدت پسند جب کہ 300 سے زائد کرد تھے۔