رسائی کے لنکس

خیبر پختونخوا: تحریکِ انصاف، حزب اختلاف کا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدواروں کا اعلان


خیبر پختون خوا اسمبلی میں اجلاس کا ایک منظر۔ فائل فوٹو
خیبر پختون خوا اسمبلی میں اجلاس کا ایک منظر۔ فائل فوٹو

عمران خان نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لئے سوات سے رکن اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر محمود خان کو نامزد کیا ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اہم عہدوں کےلیے حزب اقتدار او ر حزب اختلاف نے اپنے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کے لئے سابق وزیر اطلاعات مشتاق غنی اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے پشاور سے رکن اسمبلی محمود جان کو نامزد کیا ہے۔

حزب اختلاف نے اکرم خان درانی کو وزیر اعلیٰ اور لائق محمد خان کو اسپیکر کے عہدے کے لئے نامزد کیا ہے۔ جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے نامزدگی کا اختیار پاکستان مسلم لیگ نواز کو دیا گیا ہے۔

عمران خان نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لئے سوات سے رکن اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر محمود خان کو نامزد کیا ہے۔

صوبائی اسمبلی میں حزب اختلاف میں شامل چار جماعتوں کے اجلاس میں سابق وزیر اعلیٰ اور جمعیت العلماء اسلام (ف) کے راہنما اکرم خان درانی کو محمود خان کے خلاف وزیر اعلیٰ کے عہدے اور عوامی نیشنل پارٹی کے لائق محمد خان کو مشتاق غنی کے مد مقابل اسپیکر کے عہدے کے لئے نامزد کر دیا ہے۔ جبکہ ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ پاکستان مسلم لیگ نواز کو دیا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی مرکزی اور صوبائی قائدین کو اعتماد میں لینے کے بعد امیدوار کا اعلان کریں گے۔

جولائی 2018 کے عام انتخابات میں خیبر پختون خوا میں پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد کسی اور کو شامل کیے بغیر تنہا حکومت بنانے کے فیصلہ کیا ہے جبکہ صوبائی اسمبلی میں جمعیت العلماء اسلام (ف) کو 13، عوامی نیشنل پارٹی کو آٹھ، پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کو پانچ پانچ نشستیں حاصل ہیں۔

اس سے قبل خیبر پختون خوا اسمبلی کے منتخب ممبران نے حلف اٹھایا۔ اس موقع پر حزب اختلاف میں شامل جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔

XS
SM
MD
LG