رسائی کے لنکس

ابوبکر البغدادی کے قریبی ساتھی اور داعش کے ترجمان کی ہلاکت کا دعویٰ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شام میں کرد جنگجوؤں کے اتحاد سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) نے داعش کے ترجمان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس ڈی ایف کے مطابق داعش کے ترجمان ابو الحسن المہاجر کو کرد ملیشیا اور امریکی فورسز نے اتوار کو کی گئی ایک مشترکہ کارروائی میں نشانہ بنایا۔

ایس ڈی ایف کا کہنا ہے کہ داعش کے ترجمان کو نشانہ بنانے کے لیے آپریشن شام کے شمالی سرحدی علاقے جرابلس کے نزدیک کیا گیا۔

ایس ڈی ایف کے کمانڈر مظلوم عبدی نے ابو الحسن المہاجر کو داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کا ’رائٹ ہینڈ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن اسی کارروائی کا تسلسل تھا جس میں داعش کے سربراہ البغدادی ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کے مطابق شام کے ایک مقامی سماجی رہنما حسین ناصر نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ ابو الحسن المہاجر ایک آئل ٹینکر میں چھپ کر شام کے شمالی علاقے کی طرف جا رہے تھے جب انہیں فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق فضائی حملہ امریکی فورسز نے کیا تھا۔

البتہ امریکی حکام نے تاحال داعش کے اہم رہنما کے مارے جانے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

خیال رہے کہ ابو الحسن المہاجر کا آخری بیان نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرائسٹ چرچ حملے کے بعد سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے ان حملوں کا جواب دینے کی دھمکی دی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی شام کے مغربی صوبے ادلب میں امریکی فوج کے ایک خصوصی آپریشن میں ہلاک ہو گئے تھے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کی صبح ایک پریس کانفرنس میں ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

XS
SM
MD
LG