رسائی کے لنکس

کراچی اور لاہور پی ایس ایل کے فائنل میں، 'خدارا اسے پاک بھارت ٹاکرا نہ بنائیں'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان منگل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچی ہیں۔ دونوں ہی حریف سمجھی جاتی ہیں اور اب پی ایس ایل کے فائنل میں ان دونوں ٹیموں کے ٹاکرے کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

پاکستان میں ٹوئٹر پر پی ایس ایل فائنل ٹرینڈ کر رہا ہے۔ کرکٹ کے مداح منگل کو کھیلے جانے والے میچ میں کانٹے کے مقابلے کی توقع کر رہے ہیں جس کا اُنہیں بے چینی سے انتظار ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مداحوں کو ایسا احساس دلا رہی ہیں جس طرح پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہوتا ہے۔

ایک صارف کہتے ہیں براہِ مہربانی پی ایس ایل کے فائنل کو بھارت اور پاکستان کا میچ نہ بنائیں اور اسے دو بھائیوں کے درمیان میچ ہی رہنے دیں۔

زین علی نامی ٹوئٹر صارف کہتے ہیں کہ کراچی اور لاہور فائنل میں ہیں، کرکٹ کے شائقین اس سے زیادہ اور کیا مانگتے ہیں۔

نوفل خان نامی ٹوئٹر صارف نے دونوں ٹیموں کو پہلی مرتبہ پی ایس فائنل میں پہنچنے پر جہاں مبارکباد دی وہیں انہوں نے دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل مقابلے کو انڈیا بمقابلہ پاکستان، فٹ بال کے دو مایہ ناز کلب ریال میڈرڈ بمقابلہ بارسلونا، دو حریف نیوز چینلز اے آر وائی بمقابلہ جیو اور کراچی کی مشہور بریانی بمقابلہ لاہور کے پلاؤ قرار دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے آفیشل اکاؤنٹ سے لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر اور کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں وہ نشانہ بازی کر رہے ہیں۔

اس مقابلے میں کراچی کنگز کے کپتان 28 پوائنٹس حاصل کر کے کامیاب تو ہو جاتے ہیں لیکن کون سا کپتان پی ایس ایل فائیو کا ٹائٹل اپنے نام کرے گا اس کا فیصلہ 17 نومبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہو گا۔

دونوں ٹیموں کے اسکواڈ پر نظر دوڑائیں تو بالنگ اور بیٹںگ دونوں ہی شعبوں میں دونوں کے پاس مایہ ناز کھلاڑی موجود ہیں۔

لاہور قلندرز کے پاس تمیم اقبال اور فخر زمان جیسے مایہ ناز کھلاڑی اوپننگ اسٹینڈ میں موجود ہیں جس کے بعد کپتان سہیل اختر اور محمد حفیظ ہیں۔ مڈل آرڈر میں قلندرز کے پاس بین ڈنگ اور سمت پٹیل ہیں۔

ہٹنگ کے لیے لاہور قلندرز کا انحصار ڈیوڈ ویسے پر ہو گا جنہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف ایلیمینیٹر میچ میں 21 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ بالنگ کے شعبے میں قلندرز کے پاس شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ڈیوڈ ویسے، سمت پٹیل، محمد حفیظ، محمد فیضان اور دلبر حسین ہیں۔

اسی طرح کراچی کنگز بھی لاہور قلندرز سے کچھ کم نہیں۔ کنگز کے پاس شرجیل خان اور بابر اعظم کی صورت میں بہترین اوپنرز موجود ہیں۔

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کے قابلِ بھروسہ اور موجودہ ایونٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں جو اب تک 10 میچز میں 410 رنز بنا چکے ہیں۔

اسی طرح الیکس ہیلز، افتخار احمد اور کپتان عماد وسیم بھی بیٹںگ لائن کے مضبوط ہتھیار ہیں۔ جب کہ چیڈوک والٹن اور شیرفانے ردرفیلڈ کا بلا بھی کسی بھی وقت رنز اگلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

بالنگ کے شعبے میں کراچی کنگز کے پاس ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ محمد عامر اور وین پارنیل ہیں جب کہ کپتان عماد وسیم کے ساتھ ساتھ وقاص مقصود اور ارشد اقبال بھی رنز روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG