رسائی کے لنکس

وکلا کی لاہور ہائی کورٹ میں ہنگامہ آرائی، احتجاج


پولیس کی جانب سے مسلسل روکے جانے پر وکلا مزید مشتعل ہو گئے اور مال روڈ پر آ کر ججز گيٹ کے سامنے ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ اسی دوران وکلا نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔

لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے توہينِ عدالت کيس ميں ملتان بار ایسوسی ایشن کے صدر شیر زمان قریشی کی گرفتاری کا حکم دیے جانے پر پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں وکلا نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کی ہے۔

عدالتی فیصلے کے بعد وکلا نے لاہور کے مال روڈ پر واقع لاہور ہائی کورٹ کے چيف جسٹس بلاک کا گيٹ توڑ ڈالا اور عمارت پر پتھراؤ کيا۔

مشتعل وکلا کو منتشر کرنے کے لیے پوليس نے واٹرکينن اور آنسو گيس استعمال کی۔

شیر زمان قریشی نے گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج جسٹس قاسم خان سے مبینہ طور پر بدتميزی کی تھی جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منصور علی شاہ نے توہینِ عدالت کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے وکیل رہنما کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔

عدالت کی جانب سے بار بار بلائے جانے کے باوجود ملتان بار کے صدر پیش نہیں ہوئے تھے جس پر پیر کو کيس کی سماعت کرتے ہوئے چيف جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہي ميں قائم پانچ رکنی لارجر بینچ نے پولیس کو حکم دیا کہ انہیں گرفتار کرکے منگل کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

عدالت کے اس حکم پر عدالت کے احاطے میں موجود وکلا نے احتجاج کیا اور چيف جسٹس بلاک کے گيٹ پر ٹوٹ پڑے اور آہني دروازہ اکھاڑ ڈالا۔

احتجاجی وکلا نے چيف جسٹس کے کمرۂ عدالت کی طرف پيش قدمي کرنا چاہی مگر پوليس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔

پولیس کی جانب سے مسلسل روکے جانے پر وکلا مزید مشتعل ہو گئے اور مال روڈ پر آ کر ججز گيٹ کے سامنے ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ اسی دوران وکلا نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔

پوليس نے پہلے تو احتجاجی وکلا کو پانی کی توپ کے ذریعے منتشر کرنے کی کوشش کی لیکن اس میں کامیابی نہ ہونے پر آنسو گيس کا استعمال کیا۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ذوالفقار نے کہا ہے کہ انہوں نے معزز بینچ سے درخواست کی تھی کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا جائے لیکن ان کے بقول انہیں لگتا ہے کہ شاید بنچ کو ان کی مفاہمت کی کوششیں پسند نہیں آئیں۔

چوہدری ذوالفقار نے اعلان کیا کہ بینچ کے رویے کے خلاف کل پنجاب بھر میں وکلا ہڑتال کریں گے اور کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہوگا۔

عدالت نے ملتان بينچ ميں جج سے بدتميزي کرنے پر شيرزمان اور سیکرٹری ملتان بار ایسوسی ایشن قيصر کاظمي کے لائسنس بھي معطل کردیے ہيں۔کيس کي مزيد سماعت منگل، 22 اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG