انٹرنیشنل ریسلرز کی پاکستان آمد اور دورے کی کامیابی کے بعد اب دنیا کے آٹھ لیجنڈری فٹ بالرز ہفتے کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ان کی آمد کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں جبکہ منگل کو ایونٹ کی ٹرافی اور کٹس کی تقریب رونمائی بھی کراچی میں کی گئی۔
اس ایونٹ کو ’رونالڈینو اینڈ فرینڈز ‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ ایونٹ میں شرکت کی غرض سے لیجنڈری فٹ بالرز میں برازیلین اسٹار رونالڈینو، رابرٹوکالوس، نیکولس انیلکا، روبرٹ پائرس، لوئس بوا مارٹے، ڈیوڈ جیمز، جارج بوٹینگ اور ریان گیگز ہفتے کو کراچی پہنچیں گے۔
پاکستان پہلی بار آنے والے ریان گیگز نے اسکائپ کے ذریعے پاکستانی فنیز سے مختصر بات چیت کی اور پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد پر وہ خوش اور پرجوش ہیں۔
’رونالڈینو اینڈ فرینڈز ‘ کا انعقاد ایک نجی کمپنی’لیژر لیگ‘ کی جانب سے ہو رہا ہے۔ اس کمپنی نے برطانوی فٹ بال کلب ’لیژر لیگ ‘ کو پاکستان میں’اون ‘ کیا ہے۔
کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسحاق شاہ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ایونٹ کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ دینا ہے۔
اسحاق شاہ نے بیایا کہ یہ کھلاڑی دو ٹیموں کی حیثیت سے کھیلیں گے، ایک ٹیم کی کٹ نیلے جبکہ دوسری ٹیم کی کٹ ہرے رنگ کی ہو گی۔ ایک ٹیم کے کپتان رونالڈینو اور دوسری ٹیم کے کپتان ریان گیگز ہوں گے۔
اسحاق شاہ کے مطابق تمام کھلاڑی ہفتہ 8 جولائی کی صبح دبئی سے اسلام آباد جبکہ اس دن دوپہر کو کراچی پہنچیں گے۔ شام سات بجے وہ کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میںمیچ کھیلیں گے۔
ان کی سیکورٹی پاکستان فوج کرے گی جبکہ کھلاڑیوں کی آمد، موجودگی اور واپسی کے حوالے سے فول پروف اور سخت سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
لیژرلیگ کی اونر شپ حاصل کرنے والی کمپنی ورلڈ گروپ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا کے مطابق دونوں ٹیموں میں کھیلنے والے چودہ مقامی کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا گیا ہے ۔ دونوں ٹیموں میں چار، چار غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ ٹیموں میں توازن برقرار رہے۔
کراچی میں ہفتہ 8 جولائی کو ’سیون اے سائیڈ‘ کا پہلا میچ ہوگا جبکہ دوسرا میچ 9 جولائی کو لاہور کے فورٹرس اسٹیڈیم میں ہوگا۔