رسائی کے لنکس

پنجاب پولیس شیخ رشید کو ایک ہفتے میں پیش کرے؛ لاہور ہائی کورٹ کا حکم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب پولیس کو حکم د یا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کو بازیاب کرکے ایک ہفتے میں عدالت میں پیش کیا جائے۔

سابق وفاقی وزیرِ داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی حراست کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔پیر کو لاہور ہائی کورٹ کی راولپنڈی بینچ میں جسٹس صداقت علی خان نے کیس کی سماعت کی۔

راولپنڈی کے ریجنل پولیس افسر (آر پی او) سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے جن سے جسٹس صداقت علی خان نے استفسار کیا کہ شیخ رشید احمد اور ان کے ساتھ دیگر دو اشخاص کہاں ہیں؟

انہوں نے آر پی او کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لکھ کر ہائی کورٹ کو دیں گے یا شیخ رشید احمد کو پیش کریں گے۔

آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے شیخ رشید احمد کو پیش کرنے کے لیے عدالت سے مزید 15 دن کا وقت مانگا۔

جس پر جسٹس صداقت علی خان نے ریمارکس دیے کہ 15 دن بہت زیادہ ہیں۔ یہ عام معاملہ نہیں، دو دن کی بھی مہلت بہت زیادہ ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ درخواست گزار کے وکیل سردار عبد الرازق کے کہنے پر مزید سات دن کی مہلت دیتا ہوں۔

عمران خان کی لڑائی ایک بندے سے ہے، پوری فوج سے نہیں، شیخ رشید
please wait

No media source currently available

0:00 0:06:34 0:00

جسٹس صداقت علی خان نے آر پی او کو متنبہ کیا کہ شیخ رشید احمد کو ایک ہفتے کے اندر پیش نہ کیا گیا تو عدالت ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دے گی۔

جسٹس صداقت علی خان نے استفسار کیا کہ شیخ رشید احمد کے ساتھ گرفتار ہونے والے دیگر دو افراد رہائی کے بعد اب کیا کہہ رہے ہیں؟

شیخ رشید احمد کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کرنے والے وکیل عبد الرزاق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ رہائی پانے والے دونوں اشخاص خاموش ہیں۔ کچھ بتانے سے اجتناب کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں کہ شیخ رشید احمد کو راولپنڈی کی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ کی روالپنڈی بینچ نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ شیخ رشید احمد کو 17 ستمبر کو گرفتار کرنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ 19 ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ کی راولپنڈی بینچ نے پنجاب کی پولیس کو حکم دیا تھا کہ وہ شیخ رشید احمد کو حراست میں لیے جانے کی رپورٹ پیش کرے۔

بعد ازاں 26 ستمبر کو سماعت کے دوران ریجنل پولیس افسر سید خرم علی نے لاہور ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ شیخ رشید پولیس کی حراست میں نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ شیخ رشید احمد تحریک انصاف کی اتحادی حکومت میں وزیرِ داخلہ تھے۔ اس قبل بھی وہ کئی بار وزیر رہ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG