برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ لیبیا کے باغی لیڈروں سے بات چیت کے لیے ان کے مضبوط گڑھ بن غازی پہنچ گئے ہیں۔
ہیگ باغیوں کے زیر قبضہ علاقے کا دورہ کرنے والے اعلیٰ ترین غیر ملکی عہدے دار ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ لیبیا کے عوام کے ساتھ اپنے ملک کی یک جہتی کے اظہار کے لیے عبوری قومی کونسل کے راہنماؤں سے ہفتے کے روز ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس دورے میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی پروگرام کے سیکرٹری اینڈریو مچل ان کے ہمراہ ہیں۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت پر ہورہا ہے جب نیٹو لیبیا کے راہنما معمر قذافی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی نئی حکمت عملی اپنا رہاہے۔
ہفتے کی صبح اتحادی فورسز نے پہلی بار ہیلی کاپٹر وں سے کام لیا جنہوں نے نچلی پروازیں کرتے ہوئے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ان حملوں میں برطانیہ اور فرانس کے ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ نیٹو کے فوجی عہدے داروں کا کہناہے کہ تقریباً 20تنصیبات کو تباہ کیا گیا جن میں ایک ریڈار اسٹیشن اور ایک فوجی پڑتالی چوکی شامل ہے۔