رسائی کے لنکس

لیبیا: دو ہفتوں میں نئی عبوری حکومت کے قیام کا امکان


لیبیا: دو ہفتوں میں نئی عبوری حکومت کے قیام کا امکان
لیبیا: دو ہفتوں میں نئی عبوری حکومت کے قیام کا امکان

لیبیا کے عبوری سربراہ نے کہاہے کہ نئی عبوری حکومت کے قیام کا فیصلہ تقریباً دو ہفتوں میں کرلیاجائے گا۔

قومی عبوری کونسل کے سربراہ مصطفی عبدالجلیل کی جانب سے پیر کے روز یہ اعلان بن غازی میں ایک تقریب سے ان کے خطاب کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہاتھا کہ لیبیا اب قذافی کے 42 سالہ اقتدار سے آزاد ہوچکاہے۔ اس تقریب میں ہزاروں افراد شریک ہوئے تھے۔

لیبیا کے سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم محمود جبرائیل نے اس سے قبل ہفتے کے رو ز کہاتھا کہ ایک ماہ کے اندر نئی عبوری حکومت کے قیام کے سلسلے میں صلاح مشورے جاری ہیں۔

مسٹر جلیل نے پیر کے روز یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور دوسرے حلقوں کی جانب سے قذافی کی ہلاکت کی تحقیقات کرنے کی اپیلوں پر انہوں نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

لیبیا کے ڈاکٹروں نے اتوار کے روز مصراتہ میں قذافی کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد کہا کہ ان کی ہلاکت سر اور پیٹ میں گولیاں لگنے سے ہوئی تھی ۔

لیبیا کے سابق سربراہ کی ہلاکت سے کچھ ہی دیر پہلے موبائل فون سے حاصل کردہ ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ عبوری حکومت کے جنگجو زخموں سے چور قذافی کو مارتے پیٹتے ہوئے ان کا تمسخر اڑارہے ہیں۔

لیبیا کے عہدے داروں کا کہناہے کہ مسٹر قذافی اپنے وفاداروں اور عبوری حکومت کی فورسز کے درمیان گولیوں کے تبادلے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ موقع پر موجود جنگجوؤں نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے سابق سربراہ کو پکڑنے کے بعد ان پر تشدد کیا تھا۔

ایک اور خبرکے مطابق انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے قذافی کے آبائی قصبے سرت سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ انہیں وہاں 53 ایسے افراد کی نعشیں ملی ہیں جنہیں بظاہر قومی عبوری کونسل کے جنگجوؤں نےشہر کا کنٹرول حاصل کرنے کی شدید لڑائی کے دوران قتل کردیاتھا۔

XS
SM
MD
LG