لیبیا میں جاری سیاسی بحران کے حل میں کردار ادا کرنے کے لیے افریقی یونین کے رہنماء دارالحکومت طرابلس پہنچ رہے ہیں۔ اتوار کو جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما (Jacob Zuma ) طرابلس پہنچیں گے جہاں اُن کے ساتھ موریطانیہ، مالی اور کانگو کے صدور بھی امن کی کوششوں میں اُن کی معاونت کر یں گے۔
افریقی یونین کے ممالک کے رہنماؤں کا یہ گروپ معمر قذافی سے مذاکرات کے بعد بن غازی میں باغی کمانڈروں سے ملاقا ت کرے گا۔
لیبیا میں کم از کم دو مقامات پر فریقین کے درمیان شدید لڑائی ہو رہی ہے۔ معمر قذافی کی حامی فوجوں نے مشرقی شہر اجدابیا پر اتوارکو بھی گولہ باری کی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے توپ خانے سے داغے جانے والے گولے شہر میں گرنے کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے۔ ہفتہ کے روز اس علاقے میں لڑائی کے دوران 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
دریں اثناء غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے کہا ہے کہ قذافی کے حامی فوجیوں نے بریگہ شہر میں باغیوں کے دو ہیلی کاپٹروں کو مار گرایا ہے۔