رسائی کے لنکس

’عوام نیٹو کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں‘


’عوام نیٹو کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں‘
’عوام نیٹو کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں‘

لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے کہا ہے کہ عوام ’’لیبیا کی آزادی‘‘ کے لیے ہتھیار اُٹھا لیں۔

سرکاری ٹی وی پر پیر کو علی الصباح نشر کیے گئے اپنے ایک آڈیو پیغام میں مسٹر قذافی نے کہا کہ عوام باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے لڑائی میں حصہ لیں۔

باغیوں کی دارالحکومت طرابلس کی جانب پیش قدمی جاری ہے اور اتوار کو اُنھوں نے ایک اہم شہر زاویہ کے بعض حصوں کا کنٹرول سنبھالنے کا بھی دعویٰ کیا تاہم لیبیائی حکومت نے اس کی تردید کی ہے۔

زاویہ شہر طرابلس سے محض 50 کلومیٹر مغرب میں ایک اہم شاہراہ کے نزدیک واقع ہے۔ اس پر باغیوں کے قبضے کی صورت میں طرابلس تک سامان کی ترسیل کا راستہ بند ہو جائے گا۔

باغیوں کا کہنا ہے کہ مسٹر قذافی کی حامی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپوں کے باوجود اُنھوں نے اتوار کو اس ساحلی شہر کے مغربی حصوں میں پیش قدمی کی۔

ٹی وی پر اتوار کو نشر ہونے والی ویڈیو فلم میں باغیوں کو شہر میں قذافی دور سے پہلے کا لیبیا کا جھنڈا لہراتے اور خوشی کے اظہار کے لیے فضا میں فائرنگ کرتے دکھایا گیا۔

تاہم ایک سرکاری ترجمان نے کہا ہے کہ زاویہ پر حکومت کا کنٹرول تاحال برقرار ہے۔ موسیٰ ابراہیم کا کہنا تھا کہ حکومت حامی سکیورٹی فورسز نے باغیوں کے ایک نسبتاً چھوٹے گروہ کی پیش قدمی کا روک دیا ہے اور وہ اُنھیں شکست دینے میں مصروف ہیں۔

XS
SM
MD
LG