لیبیائی لیڈرمعمر قذافی کی حامی افواج نے اتوار کے دِن مشرقی شہر اجدابیہ اور مغربی شہر مصراتا کے قرب و جوار میں باغیوں کی پوزیشنوں پر راکٹ فائر کیے، جب کہ ایک ماہ قبل شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظور کی تھی جِس میں بین الاقوامی فضائی مہم شروع کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں آیا اجدابیہ میں ہونے والی شیلنگ کے باعث کتنی ہلاکتیں واقع ہوئیں، جِس سے ایک روز قبل شہر کے مغرب میں ہونے والی لڑائی میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 27زخمی ہوئے۔
رائٹرز خبر رساں ادارے نےخبر دی ہے کہ اتوار کے دِن مصراتا کے حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے چھتوں سے سولینز پر گولیاں چلائیں۔
دریں اثنا، لندن میں برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ برطانیہ زمینی قبضہ حاصل کرنےکی غرض سےاپنی بری افواج لیبیا نہیں بھیجے گا۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے 17مارچ کو ایک قرارداد کی منظوری کے ذریعےملکوں کویہ اختیار دیا تھا کہ اِس شمال افریقی ملک میں شہریوں کی حفاظت کی خاطرسارے ضروری ذرائع استعمال کیےجائیں۔
نیٹو اتحاد نے اقوام متحدہ کی طرف سے منظور کیے گئے ’نو فلائی زون‘ کا نفاذ کرتےہوئے لیبیا کےشہریوں کو مسٹر قذافی کی فوجوں کے حملوں سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے قذافی حامی فورسز کے خلاف فضائی حملے کیے ہیں۔