اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملہ دفاع میں کیا گیا، ایران
ایران کی وزارتِ خارجہ نے اسرائیل پر منگل کو کیے جانے والے بیلسٹک میزائل حملے کو دفاع میں کیا جانے والا حملہ قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کو تہران میں ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا کہ " ہم نے سوئٹزرلینڈ کے سفارت خانے کے ذریعے امریکہ کو پیغام دیا ہے کہ وہ تنازع میں مداخلت نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل کی حمایت میں کوئی بھی تیسرا فریق ہمارے خلاف کسی بھی قسم کے آپریشن کا حصہ بنا تو تہران کی جانب سے شدید ردِعمل آئے گا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو اس کا جواب زیادہ سخت آئے گا۔
بھارت کا اپنے شہریوں کو ایران کا سفر نہ کرنے کی ہدایت
بھارت نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران کا سفر نہ کریں۔
بھارت کی وزارتِ خارجہ نے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی شہری ایران کا سفر کرنے سے گریز کریں اور وہ شہری جو پہلے سے ایران میں موجود ہیں انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ تہران میں سفارت خانے سے رابطے میں رہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ تنازع بڑے پیمانے پر علاقائی تصادم کا باعث نہ بنے۔ نئی دہلی سفارت کاری اور مذاکرات کے لیے تمام مسائل کے حل پر زور دیتا ہے۔
ایران کے حملے سے اسرائیل میں نقصان
غزہ: اسرائیلی فضائی کارروائی میں 32 افراد ہلاک
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنوبی غزہ میں اسرائیلی فضائی کارروائی کے دوران کم از کم 32 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق خان یونس کے یورپین اسپتال کے مطابق اسرائیلی حملے کے بعد اسپتال میں متعدد لاشیں لائی گئی ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
فضائی حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ تاہم اسرائیلی فوج نے حملے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔