پی آئی اے نے اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا
پاکستان کی قومی ایئر لائن 'پی آئی اے' نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے پیشِ نظر تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام پروازوں کا فلائٹ پلان دوبارہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔ جب تک صورتِ حال واضح نہیں ہو جاتی، ایران کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے ایرانی فضائی حدود کے دو کوریڈور استعمال کرتا ہے جس میں ناردرن کوریڈور کو کینیڈا اور ترکیہ جانے والی پروازیں استعمال کرتی ہیں۔
سدرن کوریڈور کو امارات، بحرین، دوحہ اور سعودی عرب جانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ایران نے اسرائیل پر میزائل کیوں داغے؟
اسرائیل کے مختلف علاقوں میں منگل کی شام سائرن بج رہے تھے اور لوگوں کو فوراً محفوظ مقامات کی طرف جانے کی ہدایات دی جا رہی تھیں۔ بعدازاں اسرائیل کی فوج نے تصدیق کی کہ ایران سے داغے جانے والے 180 میزائلوں کی نشان دہی کی گئی ہے اور امریکہ کے تعاون سے بیشتر میزائل ناکارہ بنا دیے گئے ہیں۔ لیکن کچھ میزائل گرنے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا اور آگ بھڑک اُٹھی۔
امریکی اور برطانوی حکام کے مطابق ایران نے اسرائیل پر تقریباً 200 میزائل داغے۔
ایران نے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد یہ بھی کہا ہے یہ حملوں کی 'پہلی لہر' ہے۔ البتہ تہران نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔
ایران کی اس کارروائی کے بعد ایران اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست جنگ کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں تو وہیں مختلف ممالک کشیدگی کم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔
ایران نے اسرائیل پر حملے میں کس قسم کے میزائل استعمال کیے؟
ایران کی جانب سے منگل کو اسرائیل پر کم از کم 180 میزائل داغے گئے جس سے کچھ مقامات پر نقصان ہوا اور راکٹ سے گرنے والے پرزوں سے آگ بھی لگی۔لیکن اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا۔ ایک اسرائیلی سیکیورٹی عہدے دار کا کہنا ہے کہ زیادہ تر میزائلوں کو روک لیا گیا جب کہ کچھ زمین پر بھی گرے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملے میں کئی قسم کے بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔ ان میزائلوں میں 'عماد' اور 'قدر' کے ساتھ ساتھ ایران کا نیا میزائل 'فتح' بھی شامل تھا۔
حکام نے گزشتہ برس یہ دعویٰ کیا تھا کہ 'فتح' کی رفتار آواز کی رفتار سے 15 گنا تیز ہے اور یہ 1400 کلو میٹر تک مار کر سکتا ہے۔
اسرائیلی فوج کا لبنان کے 24 دیہات خالی کرنے کا حکم
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے 24 دیہات کے مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ علاقہ خالی کر دیں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق اسرائیل نے لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کو نشانہ بنانے کے لیے لبنان کے جنوبی علاقوں میں منگل کو 'محدود پیمانے پر' زمینی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
اسرائیل نے بدھ کو جن دیہات کو خالی کرنے کی ہدایت کی ہے انہیں اقوامِ متحدہ بفر زون قرار دے چکی ہے۔
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 2006 میں ہونے والے تصادم کے بعد اقوامِ متحدہ نے لبنان کے جنوب میں ایک وسیع علاقے کو بفر زون قرار دیا تھا۔