اسرائیلی فوج کی لبنان میں ایک کمانڈو کی ہلاکت کی تصدیق
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ لبنان میں زمینی کارروائی کے دوران ایک کمانڈو کی ہلاکت ہوئی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان میں زمینی کارروائی کے دوران کسی اہلکار کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں کمانڈو بریگیڈ کے ایک 22 سالہ اہلکار کی ہلاکت ہوئی ہے۔
اسرائیل کی کسی بھی کارروائی کا مزید شدت سے جواب دیں گے: سربراہ ایرانی فوج
ایرانی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف کوئی کارروائی کی تو جوابی ردِعمل منگل کے حملوں سے بھی شدید ہو گا۔
عرب نشریاتی ادارے 'الجزیرہ' کے مطابق بدھ کو ایک بیان میں ایرانی فوج کے سربراہ محمد باقری نے دعویٰ کیا کہ منگل کو ایران کے میزائل حملوں میں موساد کے ہیڈکوارٹر سمیت اسرائیل کی دو ایئر بیسز کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل حملے میں اسرائیل کے صنعتی، معاشی مرکز یا عوامی مقامات کو نشانہ نہیں بنایا گیا حالاں کہ ایسا کرنا بالکل ممکن تھا۔
اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو 'ناپسندیدہ' قرار دیتے ہوئے اسرائیل میں داخلے پر پابندی لگا دی
اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو "ناپسندیدہ' قرار دیتے ہوئے اُن کے اسرائیل میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
اسرائیل کے وزیرِ خارجہ اسرائیل کاٹز نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ انتونیو گوتریس نے منگل کو ایران کے اسرائیل پر حملے کی کھل کر مذمت نہیں کی۔
اسرائیلی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا کے تقریباً تمام ممالک نے سفاکانہ ایرانی حملے کی مذمت کی تاہم انتونیو گوتریس ایسا کرنے میں ناکام رہے، لہذٰا وہ اسرائیلی سرزمین پر قدم رکھنے کے مستحق نہیں ہیں۔"
واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے منگل کو ایک بیان میں کہا تھا کہ "مشرقِ وسطیٰ میں تازہ ترین حملوں سے کشیدگی بڑھے گی۔"
کیا واقعی اسرائیلی فوج لبنان کے اندر موجود ہے؟
اسرائیل نے لبنان کے جنوب میں لوگوں کو لگ بھگ 24 دیہات مکمل طور پر خالی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
بدھ کو اسرائیلی فوج نے یہ احکامات ایک ایسے موقع پر جاری کیے جب وہ لبنان کی سرحد کے اندر حزب اللہ کے خلاف ایک محدود اور ٹارگٹڈ آپریشن کر رہا ہے۔
حالیہ احکامات میں جن دیہات کو خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے وہ اقوامِ متحدہ کے 2006 میں حزب اللہ اور اسرائیل کی جنگ کے بعد قائم کردہ بفرزون میں آتے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ حزب اللہ کی تنصیبات اور جنگ آلات کے قریب موجود افراد اپنی زندگیاں خطرے میں ڈالیں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ایسا گھر جو حزب اللہ کے عسکریت پسندوں کے استعمال میں ہو گا اس کو نشانہ بنایا جائے گا۔
اسرائیل کی فوج نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ اس کی زمینی فوج لبنان میں داخل ہو گئی ہے۔
اس کے ساتھ اسرائیلی فوج کا ایک حیران کن بیان بھی سامنے آیا کہ اس کی زمینی فوج گزشتہ ایک برس سے لبنان میں خفیہ طور پر آپریشن انجام دے رہی ہے اور اس نے درجنوں کارروائیاں بھی کی ہیں۔
مزید پڑھیے