لبنان میں اسرائیل کی زمینی کارروائی تیز رفتار اور مختصر ہوگی: سیکیورٹی اہلکار
اسرائیل کے ایک سیکیورٹی اہلکار نے کہا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے خلاف کوئی بھی زمینی کارروائی تیزی سے ہو گی ،جب کہ سرحد پار فائرنگ کے تبادلے کے تقریباً ایک سال بعد کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل کے اعلیٰ وزرا نے اسرائیل کے کلیدی حمایتی، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے جنگ بندی کے اس منصوبے کو مسترد کر دیا ہے، جس میں کسی مکمل جنگ کو روکنے کی کوشش کی گئی تھی۔
سیکیورٹی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جمعے کو صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز کسی ممکنہ زمینی حملے کے لیے "روزانہ تیاری کر رہی ہیں۔"البتہ اہلکار نے ممکنہ زمینی کارروائی کی کوئی واضح ٹائم لائن فراہم نہیں کی اور کہا کہ ہم اسے جتنا مختصر کر سکتے ہیں کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا مقصد حزب اللہ کی اسرائیل پر فائرنگ کی صلاحیت کو گھٹانا، گروپ کی عسکری قیادت کو ختم کرنا اور سرحدی علاقوں کو جنگجوؤں سے "صاف" کرنا ہے۔
سیکیورٹی اہلکار نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں حزب اللہ کے بہت سے عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں اور گروپ کی عسکری طاقت میں نمایاں کمی آئی ہے۔