رسائی کے لنکس

براہِ راست مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی سے عالمی معیشت متاثر ہوسکتی ہے: آئی ایم ایف

آئی ایم ایف کی ترجمان جولی کوزیک نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان کی صورتِ حال پر ’گہری تشویش‘ کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر کشیدگی مزید بڑھی تو اس سے پیدا ہونے والی بے یقینی اور خطرات کے معاشی اثرات خطے اور دنیا پر ہوں گے۔

14:43

فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر امن ممکن نہیں: امیرِ قطر

امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا ہے کہ فلسطین کی ریاست کے قیام کے بغیر خطے میں امن نہیں آسکتا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جمعرات کو دوحہ میں ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ قطر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کا بحران 'اجتماعی نسل کشی' ہے اور ان کا ملک اسرائیل کے 'استثنیٰ' سے متعلق خبردار کرتا رہا ہے۔

شیخ تمیم نے لبنان پر اسرائیل کے فضائی حملوں اور ملٹری آپریشن کی بھی مذمت کی۔

13:49

ایران میں فلائٹ آپریشن بحال

ایران کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ جمعرات سے ملک میں فلائٹ آپریشن بحال ہو گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا نے سول ایوی ایشن کا حوالہ دے کر رپورٹ کیا ہے کہ فلائٹ آپریشن پر عائد پابندی اٹھا لی گئی ہے۔

تہران نے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد منگل کو ملک بھر میں فلائٹ آپریشن معطل کر دیا تھا۔

13:20

بیروت کا مشہور کلب پناہ گاہ میں تبدیل

اسرائیل کے حملوں کے بعد لبنان کے جنوبی علاقوں میں لوگ بے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ ان میں سے بڑی تعداد میں خاندان دارالحکومت بیروت پہنچے ہیں۔ بیروت میں جہاں سرکاری عمارتوں میں بے گھر افراد پناہ لے رہے ہیں وہیں مشہور کلب ’اسکائی بار‘ نے بھی متاثرین کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں۔ اس کلب میں کئی خاندان پناہ لے رہے ہیں جن کے ہمراہ چھوٹے بچے بھی ہیں۔ اسکائی بار کلب نائٹ لائف کے لیے مشہور ہے جہاں ڈانس پارٹیز اور دیگر تقریبات منعقد ہوتی تھیں۔

11:00

یمن کے حوثی باغیوں کا تل ابیب کو ڈرون سے نشانہ بنانے کا دعویٰ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل کے معاشی حب تل ابیب کو ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حوثی فوج کے ترجمان یحیٰ ساری نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈرون آپریشن نے کامیابی سے اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں اور دشمن کو نہ تو ڈرونز کا پتا چلا اور نہ ہی کوئی ڈرون مار گرایا گیا ہے۔

تل ابیب پر ڈرون حملے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ البتہ 'ٹائمز آف اسرائیل' کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے ایک بیان میں ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب کی جانب دو ڈرونز آئے تھے جن میں سے ایک مار گرایا جب کہ دوسرا کھلے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG