اسرائیل کی جنوبی لبنان کے مزید 14 دیہات خالی کرنے کی وارننگ
اسرائیل نے جنوبی لبنان میں مزید 14 دیہات خالی کرنھ کی وارننگ جاری کردی ہے۔
اس وارننگ میں کہا گیا ہے کہ دیہات کے رہائشی اوالی دریا کے شمال کی جانب منتقل ہوجائیں۔
لبنان کے جنوب میں زوات الشکریہ کے علاقے میں اسرائیل کے فضائی حملے سے کم از کم تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
قومی مفاد کے مطابق اسرائیل پر طاقت کے مظاہرے کا فیصلہ کیا جائے: ایرانی سپریم لیڈر
ایران کے رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی حکام کو طے کرنا چاہیے کہ وہ اسرائیل کے سامنے اپنی قوت کا مظاہرہ کس طرح کریں گے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق خامنہ ای نے کہا کہ دو راتیں قبل اسرائیل نے جو کارروائیاں کی ہیں انہیں نہ ہی کم کرکے بیان کرنا چاہیے اور نہ ہی ان میں مبالغہ کیا جائے۔
علی خامنہ ای کے بیان میں فوری کسی کارروائی کی بات نہیں کی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے ایرانی حکام کو کہا ہے کہ اسرائیل کو ایران کی طاقت دکھانی چاہیے لیکن اس کا فیصلہ حکام عوامی اور قومی مفاد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کریں۔
تل ابیب: ڈرائیور نے ٹرک بس اسٹاپ پر چڑھا دیا، 24 افراد زخمی
تل ابیب کے شمالی شہر رمت ہیشرون میں اتوار کو ٹرک ڈرائیور نے اپنا ٹرک بس اسٹاپ پر چڑھا دیا جس کی وجہ سے کم از کم 24 افراد زخمی ہو گئے۔
تاہم پولیس نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ یہ کوئی حادثہ تھا یا جان بوجھ کر حملہ کیا گیا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرک ڈرائیور نے بس اسٹاپ پر پہلے سے کھڑی بس کو بھی ہِٹ کیا۔
رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ موقعے پر موجود شہریوں نے ٹرک ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
جنوبی لبنان میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں اس کے چار مزید اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوج کے مطابق لبنان میں رواں سال 30 ستمبر سے زمینی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔
اتوار کو جاری کردہ بیان میں اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ یہ فوجی ہفتے کو جنوبی لبنان میں جنگ کے دوران مارے گئے۔