قومی مفاد کے مطابق اسرائیل پر طاقت کے مظاہرے کا فیصلہ کیا جائے: ایرانی سپریم لیڈر
ایران کے رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی حکام کو طے کرنا چاہیے کہ وہ اسرائیل کے سامنے اپنی قوت کا مظاہرہ کس طرح کریں گے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق خامنہ ای نے کہا کہ دو راتیں قبل اسرائیل نے جو کارروائیاں کی ہیں انہیں نہ ہی کم کرکے بیان کرنا چاہیے اور نہ ہی ان میں مبالغہ کیا جائے۔
علی خامنہ ای کے بیان میں فوری کسی کارروائی کی بات نہیں کی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے ایرانی حکام کو کہا ہے کہ اسرائیل کو ایران کی طاقت دکھانی چاہیے لیکن اس کا فیصلہ حکام عوامی اور قومی مفاد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کریں۔
اسرائیل کی جنوبی لبنان کے مزید 14 دیہات خالی کرنے کی وارننگ
اسرائیل نے جنوبی لبنان میں مزید 14 دیہات خالی کرنھ کی وارننگ جاری کردی ہے۔
اس وارننگ میں کہا گیا ہے کہ دیہات کے رہائشی اوالی دریا کے شمال کی جانب منتقل ہوجائیں۔
لبنان کے جنوب میں زوات الشکریہ کے علاقے میں اسرائیل کے فضائی حملے سے کم از کم تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حماس اور حزب اللہ اب ایران کے لیے کار آمد نہیں رہیں: اسرائیلی وزیرِ دفاع
اسرائیل کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ حماس اور حزب اللہ، ایران کے لیے اب مؤثر پراکسی نہیں رہیں۔
وزیر دفاع یوو گیلینٹ کا اتوار کو کہنا تھا کہ ایران، غزہ پٹی میں حماس کو اور لبنان میں حزب اللہ کو اسرائیل کے خلاف مؤثر طریقے سے استعمال نہیں کر سکتا۔
گیلینٹ کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں حماس اب مزید عسکری نیٹ ورک کے طور پر سرگرم نہیں ہے جبکہ ان کے بقول حزب اللہ کی سینئر قیادت اور اس کی میزائل کی صلاحیت کو ختم کر دیا گیا ہے۔
ان کے بقول دونوں عسکریت پسند گروپ ایران کے لیے مزید کار آمد نہیں ہو سکتے۔
ایران کی دفاع اور میزائل بنانے کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے: نیتن یاہو
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران دفاعی اور میزائل بنانے کی صلاحیت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے ہفتے کو ایران پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر ’نپے تلے اور طاقت ور‘ حملے سے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔
اپنے خطاب میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ فضائی حملے میں ایران کے دفاع اور میزائل بنانے کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔