زین قریشی 16 اکتوبر کے بعد خاندان کے رابطے میں نہیں: مہربانو قریشی
پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما مہربانو قریشی نے کہا ہے کہ ان کے بھائی اور رکنِ قومی اسمبلی زین قریشی 16 اکتوبر کی صبح سے خاندان کے رابطے میں نہیں ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم دعا کر رہے ہیں کہ وہ محفوظ ہوں اور پارٹی پالیسی کے مطابق کہیں چھپے ہوئے ہوں۔
ان کے بقول لیکن خدشہ ہے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 15 مہینوں سے میرے والد، ہمارے نائب کپتان کو توڑنے میں ناکام رہے ہیں اور وہ وفا کی ایک لازوال قربانی دے رہے ہیں اور ہم سب اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
رکن اسمبلی زین قریشی پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کے بیٹے ہیں۔
پی ٹی آئی کا آئینی ترمیم کے لیے سینیٹ اوراسمبلی میں ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے آج ہونے والے اجلاس میں آئینی ترمیم کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ووٹنگ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
کمیٹی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نہایت غیرشفاف اور متنازع ترین انداز میں دستور میں ترمیم کے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آئینی ترمیم پر رائے شماری کے عمل کے مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رائے شماری میں حصہ لینے والے تحریک انصاف کے اراکینِ قومی اسمبلی اور سینٹ کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کے کارکن پارٹی پالیسی سے روگردانی کرتے ہوئے سینٹ یا قومی اسمبلی میں کسی بھی انداز میں رائے شماری میں حصہ لینے والے اراکین کی رہائش کے باہر پرامن دھرنے دیں گے۔
سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے آئین سازی چاہتے ہیں: بلاول بھٹو زرداری
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اسمبلی کے اگلے سیشن میں ہوں گے۔ وہ چاہتے ہیں کہ سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے یہ آئین سازی ہو۔
بلاول نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی ترمیم کے مسودے پر ساتھ دے گی۔ وہ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے منظوری چاہتے ہیں اور وہ اتحادیوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ابھی تک مشاورت کا موقع دیا ہوا ہے۔
ان کے بقول ان کے آئینی ترمیم کے مسودے کی تمام پارٹیوں نے توثیق کی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اتوار تک کا وقت مانگا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ مولانا فضل الرحمان، پی ٹی آئی کو قائل کریں گے اور امید ہے کہ مولانا ان کی درخواست مانیں گے کہ ان کے بل کو جے یو آئی پیش کرے۔
پی ٹی آئی نے اتوار تک وقت مانگا ہے: مولانا فضل الرحمان
جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف نے اتوار تک کا وقت مانگا ہے اور انہیں ان کا جواب مل جائے گا۔
اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے درمیان ترمیم پر اتفاق رائے ہوا۔
ان کے بقول لاہور میں نواز لیگ کی قیادت کے ساتھ آئینی ترمیم پر مزید مشاور ہوئی اور انہوں نے جن نکات پر اعتراض کیا، حکومت اس سے دستبردار ہونے پر راضی ہوئی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ان کے درمیان بل کے حوالے سے کوئی تنازع موجود نہیں ہے۔