رسائی کے لنکس

براہِ راست ایس سی او اجلاس ختم: رُکن ممالک کے وزرائے اعظم اور دیگر حکام کی اسلام آباد سے واپسی

چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ، ازبکستان، تاجکستان، بیلاروس اور قازقستان کے وزرائے اعظم بھی واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی اسلام آباد سے نئی دہلی روانہ ہو گئے ہیں۔

نمایاں اندراج
15:11

بین الاقوامی قانون کے اصول، باہمی احترام اور قومی مفادات کا خیال رکھتے ہیں، ایس سی او اعلامیہ

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق تنظیم نے بین الاقوامی قانون کے اصول، باہمی احترام اور قومی مفادات کے خیال رکھنے کا عزم دہرایا ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد کے کونشن سینٹر میں بدھ کو ایس سی او کے 23ویں سربراہانِ حکومت کا اجلاس منعقد ہوا۔

ایس سی او سربراہان نے ون ارتھ، ون فیملی اور ون فیوچر پر زور دیا اور اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اجلاس کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق ‏فورم نے غیر امتیازی اور شفاف تجارتی نظام کے قیام کی ضرورت پر زور دیا جب کہ یکطرفہ تجارتی پابندیوں کو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے قوانین کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس طرح کی پابندیوں کی مخالفت کی۔

‏اعلامیے کے مطابق پاکستان، کرغزستان، بیلاروس ، قازقستان، روس اور ازبکستان نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی حمایت کی جب کہ فورم نے یورپ اور ایشیاء کے درمیان بہتر اقتصادی اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔

‏فورم نے گرین ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل اکانومی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں رکن ممالک کے استعداد کار بڑھانے پربھی زور دیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ایس سی او کی معاشی و تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا جب کہ ‏سربراہان نے انفارمیشن سیکیورٹی کی فیلڈ میں تعاون کی اہمیت، الیکٹرانک تجارت کے اسپیشل ورکنگ گروپ کے مسلسل اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا۔

ایس سی او کے سربراہی اجلاس میں بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر، چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ، روسی حکومت کے چیئرمین ایم وی مشستین، قزاقستان کے وزیرِ اعظم او اے بیکتانو، بیلا روس کے وزیرِ اعظم آر اے گلووچنکو، ایران کے وزیرِ معدنیات و تجارت سید محمد اطباق، تاجکستان کے وزیرِ اعظم قاہر رسول زادے، کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین اے یو زاپارو اور ازبکستان کے وزیرِ اعظم اے این اریپو نے شرکت کی۔

ایس سی او سربراہان نے قومی صعنتی پالیسی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے تجربات کے تبادلے کی تجویز، پروڈکشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سلوشن سے متعلق اقدامات پر عمل درآمد کے تجربات کی تجویز کا جائزہ لیا۔

‏مشترکہ اعلامیے کے مطابق تنظیم کے رکنِ ممالک خطے میں وسیع، کھلی، باہمی طور پر فائدہ مند اور مساوی تعامل کی جگہ بنانے کے لیے خطے کے ممالک، بین الاقوامی تنظیموں اور کثیرالجہتی انجمنوں کی صلاحیتوں کو استعمال کرنا اہم سمجھتے ہیں اور ‏بین الاقوامی قانون کے اصول، باہمی احترام اور قومی مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ایس سی او، یوریشین اکنامک یونین، ایسوسی ایشن آف جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ ساتھ دیگر دلچسپی رکھنے والی ریاستوں اور کثیر جہتی انجمنوں کی شرکت کے ساتھ ایک عظیم تر یوریشین پارٹنرشپ بنانے کی تجویز کو نوٹ کیا جب کہ اجلاس کے وفود کے سربراہان نے پائیدار ترقی کے فریم ورک کے اندر تعاون کو فروغ دینے کی وکالت کی۔

اعلامیے کے مطابق گرین انرجی، ڈیجیٹل معیشت، تجارت جیسے شعبوں میں خطے کی صلاحیت کو بہتر بناتے ہوئے رکن ممالک کی پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کو اہم سمجھا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے رکن ممالک نے ای کامرس، فنانس، بینکنگ، سرمایہ کاری، اعلی ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس، غربت کا خاتمہ، صحت کی دیکھ بھال، بشمول روایتی اور لوک ادویات، زراعت، صنعت، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس کنیکٹیویٹی، توانائی، بشمول قابل تجدید توانائی، مواصلات، سائنس اور ٹیکنالوجی، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

17:22

سابق وزیرِ اعظم عمران خان اوکسفرڈ یونی ورسٹی کے وائس چانسلرز کی دوڑ سے باہر

برطانیہ کی مشہور اوکسفرڈ یونی ورسٹی کے وائس چانسلر کا انتخاب لڑنے کے خواہش مند عمران خان اُمیدواروں کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔

بدھ کو اوکسفرڈ یونی ورسٹی کی جانب سے 38 اُمیدواروں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں عمران خان کا نام نہیں ہے۔

عمران خان ایک برس سے زائد عرصے سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور انہوں نے جیل سے ہی یہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس حوالے سے عمران خان کے قریبی ساتھی ذلفی بخاری برطانیہ میں بھرپور لابنگ کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے 1975 میں اوکسفرڈ یونی ورسٹی سے گریجویشن کی تھی۔ فلسفہ، سیاست اور معیشت عمران خان کے مضامین میں شامل تھے۔

17:00

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس ختم؛ بھارتی وزیرِ خارجہ سمیت دیگر مندوبین واپس روانہ

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں ختم ہو گیا ہے جس کے بعد رُکن ممالک کے وزرائے اعظم اور دیگر حکام وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔

چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ، ازبکستان، تاجکستان، بیلاروس اور قازقستان کے وزرائے اعظم بھی واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی اسلام آباد سے نئی دہلی روانہ ہو گئے ہیں۔

16:33

لاہور کے کالج میں طالبہ سے مبینہ ریپ؛ وزیرِ اعلٰی مریم نواز نے واقعہ جھوٹ قرار دے دیا

وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز نے لاہور کے نجی کالج میں طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کے الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

بدھ کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بطور ماں میرے لیے یہ واقعہ بہت اہم ہے۔ پولیس کو رپورٹ ملی کہ ایک نجی کالج میں ریپ کا واقعہ ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی گارڈ پر ریپ کا الزام لگا، ہم اس دن سے آج تک ریپ کا شکار لڑکی کو تلاش کر رہے ہیں۔ ایک لڑکی کا نام سامنے آیا جو دو اکتوبر سے اسپتال کے آئی سی یو میں تھی۔

وزیرِ اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا گیا کہ اسپتال میں داخل ہونے والی بچی ہی متاثرہ بچی ہے۔ بچی کی والدہ نے کہا کہ میری پانچ بچیاں ہیں، ایسی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مریم نواز کے بقول سوشل میڈیا پر یہ خبر چلی اور جھوٹی کہانیاں گھڑی گئیں، طلبہ کو اشتعال دے کر ایک مہم چلائی گئی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG