رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کے لیے حکومتی کوششیں، مرکزی راستے سیل

تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ ان کے بانی کو رہا کیا جائے جب کہ حکومت کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

14:23

محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر کے درمیان رابطہ: 'احتجاج کی اجازت نہیں دے سکتے'

وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں موجودہ صورتِ حال پر گفتگو کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد کی صورتِ حال سے آگاہ کیا۔

محسن نقوی کے مطابق ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں۔ کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔

انہوں نے بتایا کہ بیلاروس کا ایک اعلیٰ سطح وفد 24 نومبر جبکہ بیلاروس کے صدر 25 نومبر کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ یہ وفد 27 نومبر تک اسلام آباد میں ہی رہے گا۔

بیان کے مطابق بیرسٹر گوہر نے محسن نقوی سے کہا کہ وہ پارٹی سے مشاورت کے بعد اس سلسلے میں حتمی رائے کے بارے میں بتائیں گے۔

15:04

ضلع کرم میں صورتِ حال کشیدہ: فرقہ ورانہ فسادات میں 32 افراد ہلاک

ضلع کرم میں فرقہ ورانہ فسادات کے بعد دکانیں بند ہیں۔
ضلع کرم میں فرقہ ورانہ فسادات کے بعد دکانیں بند ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں فرقہ ورانہ فسادات کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ مسلح افراد نے متعدد گھروں اور دکانوں کو بھی نذرِ آتش کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ایک مقامی سینئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ شیعہ اور سنی کمیونٹیز کے درمیان کرم کے مختلف مقامات پر جھڑپیں ہوئی ہیں۔

عہدیدار نے بتایا کہ تازہ ترین جھڑپوں کے دوران 32 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 18 کا تعلق شیعہ اور 14 کا سنی کمیونٹی سے ہے۔

کرم کے ضلعی پولیس افسر جاوید اللہ محسود نے وائس آف امریکہ کو تصدیق کی ہے کہ شیعہ سنی جھگڑے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 20 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

پولیس افسر نے مزید بتایا کہ علاقے میں حالات بدستور کشیدہ ہیں جب کہ جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ جمعرات کے روز ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں پشاور سے پاڑا چنار جانے ولے مسافر کانوائے پر حملے کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیے

15:26

قانون ہاتھ میں لینے والے شخص کو اس بار واپس جانے نہیں دینا، وفاقی وزیرِ داخلہ

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس جانے نہیں دینا۔

مسحن نقوی اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ہفتے کی صبح پولیس لائنز پہنچے جہاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 24 نومبر کو بیلاروس کا وفد اور 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ اس کے پیشِ نظر ہم نے اسلام آباد شہر کو ہر صورت محفوظ رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس نے اسلام آباد کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کرنا ہے اور دارالحکومت کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کرنا ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پولیس فورس نے ہیلمٹ اور حفاظتی جیکٹس پہن کر فرائض سرانجام دینے ہیں۔ حکومت پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس بار کسی کو وفاقی دارالحکومت میں امن وامان کی صورتِ حال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، امن وامان کو قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

16:28

کسی نے احتجاج کیا تو گرفتاریاں ہوں گی، وفاقی وزیرِ اطلاعات

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر سے رابطہ ہوا ہے اور انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر بیرسٹر گوہر سے رابطہ ہو چکا ہے اور اب کسی نے احتجاج کیا تو گرفتاریاں بھی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کا احتجاج غیر قانونی ہے، جو بھی اسلام آباد آئے گا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کے بقول شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات کے مطابق جن افسران نے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیا ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG