اسرائیل پر ایرانی حملے ناکام اور غیر موثر رہے، وائٹ ہاؤس
امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون نے کہا ہے کہ اسرائیل پر ایران کے منگل کے روز کیے گئے میزائل حملوں کو شکست ہوئی اور یہ حملے ان کے بقول غیر موثر رہے۔
وائٹ ہاوس میں بریفنگ دیتے ہوئے جیک سولیون نے ایرانی حملوں کو ناکارہ بنانے میں امریکی کردار کی بھی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حملے شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔
بقول انکے، ’’اس وقت تک ہمیں جو اطلاعات ملی ہیں لگتا ہے کہ حملے ناکام ہو گئے ہیں، یہ غیر موثر رہے ہیں‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ہم واضح کر چکے ہیں کہ ایران کے لیے ان حملوں کے سنگتین نتائج ہوں گے۔
اسی اثنا میں ایران کے سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل پر حملے میں ایران نے پہلی مرتبہ اپنا ہائپر سانک میزائل ’فتح‘ استعمال کیاہے۔
عراقی عسکریت پسند ملیشیاؤں کا خطے میں امریکی مفادات پر حملوں کا انتباہ
ایرانی حمایت یافتہ عراقی ملیشیاؤں نے انتباہ کیا ہے کہ امریکہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی حملے میں حصہ لیتا ہے تو خطے میں اس کے مفادات خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے کسی بھی اقدام کے نتیجے میں عراق میں موجود تمام امریکی فوجی اڈے اور مفادات گروپ کے نشانے پر ہوں گے۔
ایران کی حمایت یافتہ عراقی نیم فوجی جتھے عراق اور شام میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کی غزہ میں حماس اور لبنان میں حزب اللہ کے خلاف کارروائیوں کی اشنگٹن کی جانب سے حمایت کے نتیجے میں یہ اقدامات کر رہی ہیں۔
تل ابیب میں فائرنگ کے ایک حملے میں چھ افراد ہلاک
اسی اثنا میں اسرائیلی پولیس نے کہا کہ منگل کی شام تل ابیب میں فائرنگ کے ایک حملے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ دو مشتبہ افراد نے جنوبی تل ابیب کے جافا محلے میں فائرنگ کی۔ پولیس مطابق دونوں مشتبہ حملہ آور مارے گئے۔
یہ حملہ ایران کی طرف سے اسرائیل کی جانب درجنوں میزائیل ار فائر کیے جانے سے فوری پہلے ہوا، جس سے لوگوں کو تل ابیب سمیت ملک بھر میں بم سے بچاؤ کی پناہ گاہوں میں جانا پڑا۔
ایرانی حملے کے سنگین نتائج ہوں گے، ترجمان اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے منگل کو اسرائیل پر داغے گئے میزائل حملوں کے سنگین نتائج ہوں گے۔
تاہم ترجمان رئیر ایڈمرل ڈینئل ہیگاری نے اس بارے میں تفصیل بیان نہیں کی کہ کس نوعیت کے نتائج کا سامنا ایران کو کرنا پڑے گا اور اسرائیل کب ان حملوں کا جواب دے گا۔
روی او اے کے رپورٹر ہریندر مشرا نے یروشلم سے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے عوام کو بم شیلٹروں سے نکلنے کی اجازت دے دی ہے، اور میزائل حملہ ختم ہو چکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ان کے پاس فوری طور ایسی اطلاعات نہیں ہیں کہ ایرانی حملوں میں کتنا جانی نقصان ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ میزائل ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرے تھے۔ (رائٹرز)