برطانیہ کی اپنے شہریوں کو لبنان سے فوری نکلنے کی ہدایت
برطانیہ کے وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لامی نے کہا ہے کہ لبنان میں صورتِ حال بدترین ہوتی جا رہی ہے۔ برطانوی حکومت اپنے شہریوں کو وہاں سے نکلنے کے لیے آپشن فراہم کر رہی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں ڈیوڈ لامی نے کہا کہ میرا پیغام واضح ہے۔ وہاں سے نکلیں۔
لبنان کے جنوب میں حزب اللہ سے جھڑپیں جاری ہیں: اسرائیل
اسرائیل نے کہا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی فورسز اور حزب اللہ کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان کے سرحدی علاقوں میں پیر کی شب آپریشن کا آغاز کر دیا گیا تھا جس میں ایلیٹ 98 ڈویژن کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا یہ دستہ غزہ میں فلسطینی عسکری تنظیم حماس کے خلاف مہینوں سے لڑ رہا ہے جسے دو ہفتے قبل ہی لبنان کی سرحد پر تعینات کیا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان کے دیہات میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو اسرائیلی کے شمال میں بسنے والی کمیونیٹیز کے لیے فوری خطرہ ہیں۔
حزب اللہ کا اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے منگل کی صبح سرحدی علاقے میتولا میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیل نے بھی بدھ کی علی الصباح اعلان کیا تھا کہ اس نے لبنان کے جنوبی سرحدی علاقوں میں 'محدود پیمانے پر' کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
اسرائیل کا 'محدود آپریشن' حقِ دفاع کے لیے ہے: امریکی قومی سلامتی کونسل
امریکہ کی قومی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ لبنان کی سرحدی علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے اسرائیل کا 'محدود آپریشن' حقِ دفاع کے تناظر میں ہے۔
کونسل نے خبردار کیا ہے کہ آپریشن کے پھیلنے کے خطرات ہو سکتے ہیں۔ البتہ لبنان کے ساتھ اسرائیلی سرحد پر استحکام کا واحد حل سفارت کاری ہے۔
کونسل نے کہا ہے کہ " امریکہ حزب اللہ اور ایران کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف اسرائیل کے حقِ دفاع کی حمایت کرتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اسرائیل کا آپریشن خطرناک بھی ہو سکتا ہے لیکن اس بارے میں ہم ان سے بات کرتے رہیں گے۔